ای سی سی نے ملوں کو 60 دنوں میں 32000 میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی

کمیٹی نے سندھ میں شوگر ملوں کی جانب سے شوگر کوٹہ کی مدت میں توسیع سے متعلق وزارت تجارت کی سمری کی منظوری دی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سندھ میں شوگر ملوں کو 60 دن کے اندر اپنا 32 ہزار میٹرک ٹن چینی کا بقیہ کوٹہ برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، ایس اے پی ایم برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اقتصادیات بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹریز ، افسران اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی نے سندھ میں شوگر ملوں کی جانب سے شوگر کوٹہ کی مدت میں توسیع سے متعلق وزارت تجارت کی سمری کی منظوری دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق 12 جون سے 60 دن کے اندر باقی ماندہ 32,000 میٹرک ٹن چینی کا کوٹہ برآمد کرنے کی اجازت دی۔

یہ بھی پڑھیے 

پرزوں کی قلت: ٹویوٹا کا عید کی تعطیلات سے 2 روز قبل ہی پیداوار روکنےکااعلان

آئی ایم ایف پروگرام کی عدم بحالی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کی بنیادی وجہ بن گئی

ای سی سی نے عملے کی تنخواہوں اور پنشن سمیت زیر التوا واجبات کی ادائیگی کے لیے پاکستان ریلویز کو گرانٹ ان ایڈ میں اضافی فنڈز کی فراہمی کے لیے وزارت ریلوے کی سمری پر بھی غور کیا۔

یہ فیصلہ کیا گیا کہ کمی کو پورا کرنے کے لیے 2.5 بلین روپے کی اضافی گرانٹ ان ایڈ جاری کی جا سکتی ہے تاکہ آپریشن کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا جا سکے۔

ای سی سی نے مختلف وزارتوں اور منصوبوں کے لیے 256 ارب روپے سے زائد تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی۔ ان منصوبوں میں فنانس ڈویژن کے لیے 250 ارب روپے شامل ہیں۔

وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے پانچ ارب روپے کی مانگ کی۔ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے تمام صوبوں میں ترقیاتی اسکیموں کے لیے 3.628 ارب روپے کی مانگ کی ، واجبات کے لیے 172.001 ملین روپے مانگے گئے ، جبکہ 16 ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کے لیے 1200 ملین روپے ڈیمانڈ کیے گئے۔

ای سی سی نے منسٹری آف پٹرولیم کے لیے 1238 ملین روپے کی منظوری دی۔ رقم بلوچستان منرل ریسورسز لمیٹڈ (ریکوڈک منصوبے) پر خرچ کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر