ای او بی آئی نے یکم جولائی سے پنشنرز کی پنشن میں 1500 روپے اضافہ کردیا
ای او بی آئی کے حکام کے مطابق پنشن میں کیا گیا اضافہ یکم اگست سے واجباب الادا ہوگا ، EOBI کو مستقبل کے لاکھوں پنشنرز کی مد میں 2 کھرب سے زائد و اجبات کا سامنا ہے۔
نجی شعبہ کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن فراہم کرنے والے قومی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی چیئر پرسن ناہید شاہ درانی نے کہا ہے کہ فلاحی ادارہ EOBI نے ملک میں انتہائی نامساعد معاشی صورت حال اور ادارہ کو درپیش تمام انتظامی اور مالی رکاوٹوں کو حوصلہ مندی کے ساتھ عبور کرتے ہوئے بدترین مہنگائی اور بلند افراط زر کا شکار اپنے 4 لاکھ سے زائد بزرگ پنشنرز کو ہر ممکن ریلیف دیتے ہوئے ان کی کم از کم ماہانہ پنشن میں 8500 سے اضافہ کرکے 10,000 روپے ماہانہ کردیا ہے۔
ای او بی آئی کے حکام کے مطابق پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے اور ماہ اگست میں ادائیگی کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ناہید شاہ درانی نے ادارہ کے ہیڈ آفس کراچی میں رجسٹرڈ شدہ آجران سے کنٹری بیوشن کی وصولیابی کے سالانہ ہدف مکمل ہونے پر اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے غیرملکی سرمایہ کار نے اچھی خبر دے دی
اگلے دو سالوں میں افراط زر کی شرح 5-7 فیصد تک لائیں گے، گورنر اسٹیٹ بینک
دریں اثناء ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان ، اسرار ایوبی نے EOBI میں اپنے ذرائع سے ادارہ کی جانب سے نجی شعبہ کے ملازمین کے لئے خدمات اور کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ EOBI نے اس حقیقت کے باوجود یہ مثبت اقدام کیا کہ جب EOBI کو اپنے مستقبل کے لاکھوں پنشنرز کے لئے دو کھرب روپے سے زائد کے بھاری واجبات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے حل کے لئے EOBI نے وفاقی حکومت سے بھی مالی سہارا فراہم کرنے کی استدعا کی ہے ۔ ادارہ میں بڑے پیمانے پر ملازمین کی قلت اور نئی بھرتیاں نہ ہونے کے باوجود EOBI نے محدود افرادی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے محض 11 ماہ کے عرصہ میں نا صرف اپنے رواں مالی سال کے کنٹری بیوشن کی وصولیابی کا مقررہ ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا ہے بلکہ اس مدت کے دوران EOBI نے رجسٹرڈ آجران سے 39 ارب روپے کا ریکارڈ کنٹری بیوشن بھی وصول کیا جو پچھلے مالی سال کے مقابلہ میں 34.81 فیصد زائد رقم ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت EOBI میں 145,607 آجران اور 10,474,142 بیمہ دار افراد( مستقبل کے پنشنرز ) رجسٹرڈ ہیں۔ جبکہ EOBI ملک بھر میں 745,539 بزرگ پنشنرز کو تین اقسام کی طویل المیعاد اور تاحیات ماہانہ پنشن فراہم کر رہا ہے۔
جن میں 477,018 عمر رسیدہ پنشنرز،255,397 پسماندگان پنشنرز، 13,124 معذور پنشنرز شامل ہیں۔
اسرار ایوبی نے مزید بتایا کہ EOBI کو ملک میں پنشن فراہم کرنے والے تمام اداروں میں اولین ادارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے کہ جس کے بزرگ پنشنرز سفر کی صعوبتوں اور بینکوں اور ڈاک خانوں میں طویل قطاریں لگانے سے نجات پاکر بینک الفلاح کے ATM کارڈ کے ذریعہ بآسانی اپنی ماہانہ پنشن حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے احکامات پر EOBI کے پنشنرز کے لئے بینک الفلاح کے علاوہ کسی اور بینک کی ATM مشین سے پنشن کی وصولی کی صورت میں کسی قسم کے اضافی چارجز لاگو نہیں ہیں۔
جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ EOBI میں رواں برس کے دوران 39,944 نئے پنشنرز اور 543,096 نئے بیمہ دار افراد کا اضافہ بھی ہوا۔