آئی ایم ایف کے پروگرام کے باوجود ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.70 فیصد اضافہ

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 28.55 فیصد ہوگئی۔

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا پروگرام بھی راس نہ آیا، ملک میں  نئے مالی سال کا پہلا ہفتہ، مہنگائی مزید بڑھ گئی۔ ٹماٹر، پیاز، آلو اور آٹا مزید مہنگا ہوگیا۔

مہنگائی سے ستائے عوام کے لیے نیا مالی سال کا پہلا ہفتہ بھی بری خبر لے کر آیا کیونکہ نئے مالی سال کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.70 فیصد اضافہ ہوگیا۔ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 28.55 فیصد ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کی دودھ فروش مافیا نے سرکاری نرخ ہوا میں اڑا دیئے

آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 142 ارب روپے جاری

تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق ایک ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 42.25 فیصد اضافہ ہوا ، جبکہ اسی مدت میں میں پیاز 8.70 اور آلو 4.79 فیصد مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آٹا 4.05 فیصد اور گڑ کی قیمت 4.01 فیصد بڑھی۔ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے چینی 3.48 فیصد مہنگی ہوئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور ایک ہفتے میں کیلے 7.51 فیصد اور چکن 2.80 فیصد سستا ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے انڈے 0.17 فیصد سستے ہوئے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ، کوکنگ آئل 5 لٹر ٹن کا ڈبہ بھی سستا ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ساتھ ساتھ حالیہ ہفتے دال مسور، دال مونگ، دال چنا بھی سستی ہوئیں۔ حالیہ ہفتے 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتیوں میں استحکام رہا۔

عوام کا شکوہ ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے قرض پروگرام حاصل کرکے کامیابی کا جشن منا رہی ہے لیکن عوام کے لیے نئے مالی سال آغاز میں ہی مہنگائی بڑھتی نظر آرہی ہے اور مہنگائی سے تنگ حال عوام کے لیے نئے مالی سال کا آغاز بھی خوش آیند نہیں ہے۔

متعلقہ تحاریر