پاکستان آئی ٹی سے متعلق برآمدات 10 ارب ڈالرز تک بڑھا سکتا ہے
او آئی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ پاکستان جی ڈی پی کو نمایاں نمو فراہم کرنے کے ساتھ مختصر وقت میں ہی سیکڑوں نئی ملازمتیں بھی پیدا کر سکتا ہے۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (او آئی سی سی آئی) کا کہنا ہے کہ پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سے متعلق برآمدات 10 ارب ڈالرز تک پہنچنے کی صلاحیت ہے۔
پیر کو او آئی سی سی آئی نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا کہ معیشت کے اہم طبقات آئی ٹی کی برآمدات کو سالانہ 10 بلین امریکی ڈالرز تک بڑھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جی ڈی پی کو نمایاں نمو فراہم کرنے کے ساتھ مختصروقت میں ہی سیکڑوں نئی ملازمتیں پیدا کر سکتے ہیں۔
او آئی سی سی آئی نے پاکستان کی پیداواری صلاحیتوں اور موثرشرکت کو یقینی بنانے کے لیے تعلیمی اسناد سے ہنر کی ترقی کی طرف منتقل ہونے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ یہ رجحان عالمی سطح پر بہت تیزی سے عام ہو رہا ہے اور سرمایہ کو اپنی طرف راغب کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کرونا کے باوجود پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں روایتی تعلیمی ڈگری حاصل کرنے کے بجائے ڈیجیٹل ہنر کی تعلیم حاصل کرنے کی طرف راغب ہونے پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی تھی۔
اگر آپ کو پڑھنے سےدلچسپی نہیں اور فون پر ویڈیو گیمز سےرغبت ہے تو تیاری رکھیں @MinistryofST ویڈیو گیمز پروگرامنگ کا خصوصی پروگرام لارہی ہے تا کہ ہم 90 ارب ڈالر کی اس انڈسٹری کاحصہ بن سکیں، Animation اور ویڈیو گیمز سرٹیفیکیشن پروگرام نوجوانوں کیلئے Game ہی نہیں Game Changer ہوں گے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 24, 2020
او آئی سی سی آئی کے صدر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات صرف 1 سے 2 ارب ڈالرز ہیں جبکہ پاکستان کی آدھی آبادی کے برابر والا فلپائن تقریباً 30 ارب ڈالرز کی آئی ٹی سے متعلق برآمدات کرتا ہے۔ انڈیا کی آئی ٹی برآمدات 190 ارب ڈالرز سے زیادہ ہیں اور کئی دیگر ایشیائی ممالک بھی پاکستان سے آگے ہیں۔