ایشیائی ترقیاتی بینک نے مزید 5 سال کےلیے پاکستان کا ہاتھ تھام لیا
ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایگوئن ذاخوف کے مطابق سال 2021 سے 2025 تک کنٹری پارٹنرشپ کی حکمت عملی میں پاکستان کو معاشی چینلجز سے نمٹنے کے لیے معاونت کی جائے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے مزید 5 سال کے لیے پاکستان کے ساتھ کنٹری پارٹنر شپ حکمت عملی طے کرلی ہے۔ اِس حکمتِ عملی میں معاشی ترقی، کرونا کی وبا کے بعد نقصانات کے ازالے اور غریب طبقے کو سماجی تحفظ دینے کے لیے ترجیحی منصوبے شامل ہوں گے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق کرونا کے دوران لاک ڈاؤن سے جہاں عالمی معیشت متاثر ہوئی وہیں پاکستان کی معیشت بھی نقصان سے محفوظ نہیں رہ سکی۔ کورونا کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان کو سماجی تحفظ کے لیے اخراجات بڑھانے پڑے۔ مانیٹری پالیسی میں رعایتیں دینی پڑیں اور معاشی نظم و ضبط کی پالیسی میں ردوبدل کرنی پڑی۔
بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایگوئن ذاخوف کے مطابق سال 2021 سے 2025 تک کنٹری پارٹنرشپ کی حکمت عملی میں پاکستان کو معاشی چینلجز سے نمٹنے کے لیے معاونت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان آئی ٹی سے متعلق برآمدات 10 ارب ڈالرز تک بڑھا سکتا ہے
ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ پروگرام سماجی شعبے کی بہتری اور انسانی وسائل کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ بینک نے کرونا کی وبا کے دوران پاکستان کے انسداد کرونا کے اقدامات کو بہترین قرار دیا ہے۔ بینک کے مطابق کرونا کے بعد اب پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور پاکستان میں مفاد عامہ کے لیے اخراجات میں اضافہ کیا گیا ہے۔
بینک کا کہنا ہے کہ کرونا کے دوران پاکستان نے مستحق افراد کے لیے فنڈنگ بڑھائی، جس کی وجہ سے سماجی تحفظ بہتر ہوا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے عزم ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 5 سال کے دوران انسانی وسائل کی بہتری کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا اور غربت کے خاتمہ کے لیے پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کا کنٹری پارٹنرشپ پروگرام کے تحت آئندہ 5 سال میں نجی شعبے کے استحکام پر توجہ دی جائے گی۔ پاکستان کے نجی شعبے کو تقویت دے کر عالمی منڈی کے مقابلے کے لیے تیار کیا جائے گا۔