آئندہ بجٹ عوام دوست ہوگا، چیئرمین ایف بی آر

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رواں سال صنعتی پیداوار بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور آئندہ بجٹ عوام دوست ہوگا۔ نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ انسداد کرونا سے متعلق آلات پر ٹیکس کی چھوٹ برقرار رکھی جائے گی۔ 

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) جاوید غنی نے نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں۔ تمام چیمبرز، تاجر تنظیمیں، صنعت کار، مختلف شعبہ جات اور اسٹیک ہولڈرز مارچ کے تیسرے ہفتے تک اپنی بجٹ تجاویز دے سکتے ہیں۔ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کے لیے ریلیف کو جاری رکھا جائے گا۔’

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے خوشخبریاں

جاوید غنی نے کہا کہ ‘خاص طور پر کرونا کی ادویات، آکسیجن سلنڈر اور دیگر انسداد کرونا آلات پر ٹیکس کی چھوٹ برقرار رکھی جائے گی۔ آئندہ بجٹ میں پرتعیش اشیاء پر ٹیکس کی شرح بڑھائی جائے گی اور غیر ضروری ٹیکس کی چھوٹ کم کی جائے گی۔’

چیئرمین ایف بی آر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ‘ادویات سمیت اشیائے ضروریہ پر ٹیکس چھوٹ جاری رہے گی تاہم آئندہ بجٹ میں غیرضروری ٹیکس کی چھوٹ محدود کی جائے گی۔’

انہوں نے کہا کہ ‘رواں مالی سال صنعت پیداوار بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں اور سیلز ٹیکس کی آمدنی بڑھ رہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ صنعتوں کا پہیہ گھومتا رہے۔’

چیئرمین ایف بھی آر نے کہا کہ ‘ترقی کی موجودہ رفتار آئندہ بجٹ میں بھی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت صنعتی ترقی کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ ٹیکس چھوٹ دینے سے مقامی صنعت کو فروغ ملا ہے اور برآمدات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔’

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘آئندہ بجٹ میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی۔’

متعلقہ تحاریر