ایف بی آر کی مارچ میں ہدف سے زیادہ ٹیکس وصولی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مارچ 2021 میں اپنے ٹیکس وصولی کے ہدف سے 36 ارب روپے تجاوز کر کے 475 ارب روپے حاصل کرلیے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال مارچ کے مہینے کے مقررہ ہدف سے 36 ارب روپے زیادہ ٹیکس وصول کیا ہے۔ اِس طرح ٹیکس کی وصولیوں کا مجموعی حجم 475 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جو گذشتہ مالی سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہے۔ اس ہدف کو حاصل کرنے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ایف بی آر کی مشینری یا اُس کا انتظام چلانے والے افراد تو فعال ہوئے ہیں۔ 

ایف بی آر کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق رواں برس مارچ کے مہینے میں ٹیکس وصولی کا ہدف 439 ارب روپے رکھا گیا تھا جو 8.2 فیصد اضافے کے ساتھ 475 ارب روپے رہا ہے۔ گذشتہ مالی سال 2019-20 کے مارچ کے مہینے میں 326 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا تھا جو رواں مالی سال کے اسی مہینے میں وصول ہونے والے ٹیکس سے 46 فیصد کم ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹر پیغام میں مارچ کے مہینے میں امید سے زیادہ ٹیکس جمع کرنے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ مارچ 2021 میں 460 ارب کی وصولیوں کے ساتھ 41 فیصد کی تاریخی نمو حاصل کرنے پر میں ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جولائی 2020 سے مارچ 2021 کے دوران ہماری وصولیاں 3 کھرب 80 ارب کی سطح تک پہنچ گئیں تھیں جو گذشتہ برس کے اسی عرصے سے 10 فیصد زیادہ ہیں۔ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملنے والی وسیع البنیاد معاشی بحالی کے یہ واضح اشارے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کا 3 سال بعد ڈھائی ارب ڈالرز کے یورو بانڈز کا اجراء

ایف بی آر حکام کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 33 کھرب 94 ارب روپے کا ٹیکس اکھٹا کیا گیا جو مقرر کردہ ہدف 32 کھرب 87 ارب روپے سے 107 ارب سے زیادہ ہے۔

ٹیکس دستاویزات کی تیاری کے بعد سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اپنے مقرر کردہ اہداف سے زیادہ ٹیکس وصولیاں کررہا ہے جو کہ معیشت کی بہتری کی جانب ایک اچھا اشارہ ہے۔

پاکستانی حکومت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ہدایات کی روشنی میں تمام اقسام کی دستاویزات کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش کررہی ہے جس کے بعد سے محصولات کی وصولی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ایف بی آر رواں مالی سال میں ماہانہ کی بنیاد پر اپنے اہداف کو حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر