تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی ٹی برآمدات 2 ارب ڈالرز سے متجاوز

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے حکومت نے آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے نئے بجٹ میں ٹیکسز میں خاص مراعات دی ہیں۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ میں ملکی آئی ٹی برآمدات 2 ارب ڈالرز سے تجاوز کرنے پر آئی ٹی ایکسپورٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بلاآخر ہم نے وہ ہدف حاصل کرلیا ہے جس کی ہمیں ضرورت ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے لکھا ہے کہ مالی سال 2020-21 میں ہماری آئی ٹی برآمدات 47 اعشاریہ 4 فیصد اضافے سے 2 ارب 12 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئی ہیں، جبکہ مالی سال 2019-20 میں یہ برآمدات 1 ارب 44 کروڑ ڈالرز تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی ریگولیشن کی گئی ہیں، اشفاق تولہ

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ مجھے اپنے آئی ٹی ایکسپورٹرز پر ہمیشہ سے اعتماد رہا اور وہ ہمارے اعتماد پر پورا اترے ہیں۔ تمام برآمدکنندگان نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ برآمدات کو مزید آگے لے کر جائیں حکومت آپ کی حوصلہ افزائی کے لیے آپ کے ساتھ ہے۔ آپ لوگ اپنی ایکسپورٹ کو مزید بہتر بنانے کے لیے بہترین مارکیٹنگ کریں۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ٹی برآمدات کی حوصلہ افزائی کے لیے بجٹ 2021-22 میں ٹیکسز اور طریقہ کار میں متعدد مراعات کی پیش کش کی ہیں۔

واضح رہے کہ مالی سال 2019-20 میں آئی ٹی سروسز (خدمات) کی برآمدات میں 20 اعشاریہ 75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے تحت آئی ٹی برآمدات 1 ارب 11 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئی گئی تھیں۔

اسی طرح ایک رپورٹ کے مطابق مالی سال 2018-19 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 917 ملین ڈالرز رہی تھیں۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ہمیں ٹیکسز کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کرے تو ہم اپنی برآمدات کو مزید بہتر کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئی سیکٹر میں 10 ارب ڈالرز تک برآمدات کرنے کی صلاحیت موجود ہے، اور آنے والے وقت میں اس میں مزید اضافے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

آئی ٹی ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر کو وسعت دینے کے لیے آئندہ 5 سالوں کے دوران لاکھوں روزگار فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ تحاریر