پاکستان سرمایہ کاری کے لیے بہتر ملک قرار
او آئی سی سی آئی نے پاکستان میں کاروبار کے لیے سیکیورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کردیا۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نمائندہ تنظیم اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (او آئی سی سی آئی) نے اپنے 2021 کے سروے میں پاکستان میں کاروبار کے لیے سیکیورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
او آئی سی سی آئی نے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال اور سرمایہ کاری سے متعلق ایک سروے کرایا جس میں 200 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ سروے میں سرمایہ کاروں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک اچھا ملک قرار دیا۔ سروے کے مطابق سال 2020 کے مقابلے میں رواں سال لاہور کے تجارتی مراکز میں سیکیورٹی کی صورتحال 61 فیصد بہتر ہوئی جبکہ تاجروں نے پورے پنجاب میں 53 فیصد سیکیورٹی کی صورتحال کو سازگار قرار دیا۔
سروے کے مطابق رواں سال خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال میں 59 فیصد اور کراچی میں 51 فیصد بہتری آئی ہے۔ سروے میں شامل کچھ سرمایہ کاروں نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیے
بجٹ میں ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار دینے پر تاجر پھٹ پڑے
سروے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے کراچی اور لاہور کے کاروباری مراکز میں سیکیورٹی کی بہتر صورتحال پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ اسی طرح سرمایہ کاروں نے کوئٹہ میں بھی سرمایہ کاری کو ترجیح دی ہے۔
او آئی سی سی آئی سروے کے مطابق مارچ 2020 سے کرونا وائرس کی وجہ سے سفری پابندیوں کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کاروں نے او آئی سی سی آئی ممبران کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ان غیر ملکی سرمایہ کاروں میں چین، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، جاپان، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر یورپی اور ایشیائی ممالک کے سرمایہ کار شامل تھے۔
سروے کے نتائج پر پاکستان کے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سیکیورٹی کی صورتحال پر مثبت تاثرات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں جس سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔