سام سانگ موبائل فون کی قیمت میں 9 ہزار روپے تک کمی کا امکان

لکی موٹرز کی طرف سے کراچی میں موبائل فونز کی تیاری سے قیمتوں میں کمی ہوگی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لکی موٹرز کو ملک میں سام سنگ موبائل فون بنانے کی اجازت دے دی ہے۔ مقامی طور پر سام سنگ موبائل فون کی تیاری سے اس کے قیمت میں 9 ہزار روپے تک کمی متوقع  ہے۔

مالی سال 2020 اور 2021 میں حکومت نے موبائل فون درآمد کرنے  کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے فون کی مقامی تیاری پر ٹیکس کی چھوٹ دی تھی۔ جس کے بعد پاکستان میں موبائل فون کی تیاری کے لیے مینوفیکچرز نے پاکستان کا رخ کرلیا۔

سام سنگ اور لکی موٹرز کے درمیان مقامی طور پر سام سنگ موبائل فون تیار کرنے کا معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت لکی موٹرز کی  جانب  سے  کراچی میں سام سنگ موبائل فونز کی تیاری  کی  بات  کی  گئی۔ لکی موٹرز کی درخواست پر اب پی ٹی اے نے سام سنگ موبائل کی تیاری کے لیے پلانٹ لگانے کی منظوری دے دی ہے۔

سام سنگ موبائل فون

پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت کو ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں موبائل کی تیاری سے اس کی قیمتوں میں واضح کمی ہوگی۔ لکی موٹرز کا کہنا ہے کہ یہ سب حکومت کی سازگار پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی پالیسی ہے کہ اگر کوئی موبائل پاکستان میں امپورٹ ہوتا ہے اور اس کی قیمت 100 سے 200 ڈالر ہے تو اس پر 930 روپے ٹیکس ہے تاہم اگر یہ موبائل مقامی سطح پر تیار ہوتا ہے تو اس پر کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔  پاکستان میں سام سنگ کے زیادہ تر موبائل فون 200 ڈالر سے  500 ڈالر یا اسے بھی زائد مالیت کے ہیں جس کے باعث کمپنی کو زیادہ ٹیکس کا سامنا تھا۔ اب مقامی طور پر فون کی تیاری سے سام سنگ کو 6300 روپے  سے  9000 روپے تک ٹیکس میں بچت ہوگی اور یہ ریلیف صارفین کو منتقل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

موبائل فون ہیکنگ پر بھارتی صحافیوں کے دلچسپ تبصرے

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے  پی  ٹی اے کا ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں 10 کروڑ سے زائد لوگ انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں جبکہ 18 کروڑ سے زائد افراد  کے پاس موبائل سم موجود ہے۔ ایسے میں اگر سام سنگ پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل فون تیار کرکے اس کی قیمتوں میں واضح کمی کرتا ہے تو کمپنی کے لیے پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ثابت ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پی  ٹی  اے کی طرف سے اب تک 25 غیر  ملکی اور مقامی کمپنیوں کو موبائل کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دی گئی ہے۔ ان کمپنیوں کے تیار کردہ موبائل فون نہ صرف پاکستان میں فروخت ہوں گے بلکہ خطے کی دیگر مارکیٹس میں بھی جائیں گی۔

متعلقہ تحاریر