ٹیکس محصولات اور سائبر حملے نئے چیئرمین ایف آر کے چیلنجز

وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عاصم احمد کو ہٹا کر تیسرے برس میں ڈاکٹر اشفاق احمد کو ساتواں چیئرمین ایف بی آر تعینات کردیا ہے۔

فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈیٹا پر سائبر حملے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم میں ایک مرتبہ پھر تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کو نیا چیئرمین ایف بی آر تعینات کردیا ہے۔

نئے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد کو دو طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے ایک یہ کہ ٹیکس ریونیو کو کیسے بڑھانا ہے اور دوسرا ایف بی آر کے ڈیٹا کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کےلیے کیا اقدامات کرنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی ’بازار‘ نے 3 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرلی

وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے تیسرے سال میں ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کو 7واں چیئرمین ایف بی آر تعینات کردیا ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد اشفاق احمد انٹرنیشنل ٹیکس لا، وائٹ کالر کرائم، منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری کے امور کے ماہر ترین ٹیکس افسر ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے  گریڈ 21 کے ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو بنادیا ہے، جبکہ عاصم احمد کو چیئرمین ایف بی آر کے عہدے سے ہٹا کر اب صرف سیکریٹری ریونیو  تک ہی محدود کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر وقار مسعود کا استعفی بھی منظور کرلیا ہے۔ معاشی ٹیم میں تبدیلیوں سے وزیر خزانہ شوکت ترین کی معاشی معاملات میں دسترس مزید بڑھ گئی ہے۔

عمران خان نے محصولات کے میدان میں بھی اپنی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کردی ہیں اور وزارت خزانہ یعنی کیو بلاک کی راہ داریوں میں اس تبدیلی کی توقعات اور سرگوشیاں زیر گردش تھیں۔

ڈاکٹر وقار مسعود کے استعفے کے بعد وزیر خزانہ شوکت ترین کو کھل کر کھلینے کا موقع مل گیا ہے کیونکہ ان کے دفتری امور میں سب سے زیادہ تصیح اور ترامیم تجویز کرنے والے معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود ہی تھے۔

نئے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد انٹرنیشنل ٹیکس قوانین کے ماہر ہیں۔ انہیں منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات، ٹیکس چوری کی روک تھام، ٹیکس کرپشن کے خاتمے سے متعلق امور پر دسترس حاصل ہے۔

ڈاکٹر محمد اشفاق احمد  موجودہ حکومت کے 3 سال میں7ویں چیئرمین ایف بی آر ہیں۔ اگست 2018 میں جب پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو اس وقت رخسانہ یاسمین چیئر پرسن ایف بی آر تھیں۔ ان کی جگہ موجودہ حکومت نے ڈاکٹر جہانزیب کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا۔

ڈاکٹر جہانزیب اگست 2018 سے مئی 2019 تک چیئرمین ایف بی آر رہے۔ شبر زیدی کو مئی 2019 میں چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا۔ جس کے بعد نوشین جاوید اپریل 2020 سے جولائی 2020 تک چیئرپرسن ایف بی آر رہیں۔

جاوید غنی جولائی 2020 سے اپریل 2021 تک چیئرمین ایف بی آر رہے۔ ڈاکٹر عاصم احمد کو اپریل 2021 میں چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا۔۔

وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں عاصم احمد کو چیئرمین ایف بی آر کے عہدے سے ہٹانے کی ممکنہ وجہ مبینہ ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کی چوری اور سائبر حملوں کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر