ملک میں فی کلو چینی پیٹرول سے بھی مہنگی، وزراء بلیم گیم میں مصروف
تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود ملک میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے ایکس ملز قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ کرپیٹرول کی قیمت سے بھی آگے بڑگئی
ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ساتھ ساتھ اب اشیائے خورونوش کا بحران بھی جاری ہے، چینی کی قلت ہوتے ہی قیمت آسمان پر پہنچ گئی ملک میں چینی 160 روپے فی کلوتک پہنچ گئی تاہم وزیر مملکت فرخ حبیب کہتے ہیں کہ پنجاب میں چینی 90 روپےفی کلوفروخت ہورہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان کہتے ہیں کہ پنجاب میں چینی کا اسٹاک ہی ختم ہوچکا ہے ۔
تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود ملک میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے ایکس ملز قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ کرپیٹرول کی قیمت سے بھی آگے بڑگئی ملک میں چینی 160 روپے فی کلو تک میں بھی فروخت ہونے لگی مہنگائی حکومت کے قابو سے باہر ہوگئی ہے۔گزشتہ روز ہول سیل مارکیٹ میں چینی کے 50کلوکے بیگ کی قیمت 6280 روپے تھی آج اور 50کلو کا بیگ 720روپے اضافے کے ساتھ 7 ہزارروپے کا ہوگیا ہے۔کراچی میں چینی کی ایکس ملز قیمت گزشتہ شب تک 130 روپے کلو تھی جو اب 136 روپے کلو ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
چینی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
شوکت ترین آئندہ ہفتے 90 روپے کلو چینی کیسے بیچیں گے ؟
ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا تاہم حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت نے ملک بھر کے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت 160 روپے کلو جا پہنچی ہے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے چینی کےبحران پر حکومت اور اس کی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں 90 روپے کلو چینی فراہم کی جا رہی ہے، سندھ میں چلتی ہوئی شوگر ملز کو بند کرا دیا گیا ہے، جبکہ کراچی میں چینی 125 روپے کلو سے زائد میں فروخت ہو رہی ہے ۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور مشیرزراعت سندھ منظور وسان نے ملک میں چینی مہنگی ہونےکاذمہ داروفاق کوقرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چینی کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے جبکہ سندھ کے پاس 92,767.129 میٹرک ٹن چینی کا اسٹاک موجود ہے، سندھ میں آئندہ ہفتے سےشوگرملیں چلناشروع ہوجائیں گی صوبے میں چینی کا کوئی بحران نہیں ہے۔