غریبوں کا آخری آسرا بھی چھن گیا،یوٹیلٹی اسٹورز پر دالیں بھی مہنگی
نوٹی فیکیشن کے مطابق دال چنا کی نئی قیمت 190 روپے، سفید چنے 300 روپے اور دال مسور 270 روپے فی کلو میں دستیاب ہو گی۔
مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے لیے ایک اور بری خبر ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے ایک روز بعد دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز بھی مہنگائی کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے۔ وفاقی حکومت نے ایک روز قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، گھی اور آٹے سمیت مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈیش واش، ماچس و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے سائن بورڈز پر پیپسی اور جام شیریں میں جنگ چھڑگئی؟
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پر سمندرپار پاکستانیوں کا اعتماد عروج پر
وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالیں بھی مہنگی کردی گئی ہیں اور اس حوالے سے نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق مختلف برانڈز کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دالوں کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر دال چنا کی قیمت میں 28 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد دال چنا کی قیمت 162 روپے سے بڑھ کر 190 روپے فی کلو ہوگئی۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق سفید چنے کی قیمت میں 87 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے ، اضافے کے بعد سفید چنے کی قیمت 213 روپے فی کلو سے بڑھ کر 300 روپے فی کلو ہوگئی۔
وفاقی حکومت کے نوٹی فیکیشن کے مطابق دال مسور کی قیمت میں 55 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد دال مسور 215 روپے فی کلو سے بڑھ کر 270 روپے فی کلو ہوگئی۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے ہی وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت یوٹیلیٹی اسٹورز ڈائریکٹر کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز پر پانچ بنیادی غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔