سرمایہ کاروں کیلئے مشکل دن، حصص بازار میں مندی، ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ

  پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 195 پوائنٹس کی کمی جبکہ ڈالر کی قیمت میں 7 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

کاروباری  ہفتے کے  چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان دیکھا گیا جبکہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی 7 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے جبکہ حصص بازار میں مندی  چھائی رہی ۔100 انڈیکس میں 195 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت کا تمام لگژری آئٹمز کی درآمد سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ

اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق آج  انٹر بینک میں  ڈالر کی قیمت میں 7 پیسے کا اضافہ  ہوا جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 214 روپے 95 پیسے کا  ہوگیا ہے ۔

 اوپن مارکیٹ میں بھی پاکستانی روپے کے مقابلے میں  یو ایس ڈالر   کی قیمت میں  اضافہ ہوا  جس کے بعد ایک ڈالر 218 روپے میں فروخت ہوا  ہے۔

دوسری جانب آج  حصص بازار میں بھی  منفی  رجحان چھایا رہا ۔  پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس میں 195 پوائنٹس کمی کے بعد 43 ہزار 481 پر بند ہوا ۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو فروخت کے دباؤ کی وجہ سے مندی  رہی جس کے باعث 100 انڈیکس 0.45نیچے آگیا ۔

کاروبار کے آغاز میں خریدار سرگرم نظر آئے  تاہم دوسرے  ہاف میں سرمایہ کاروں کی طرف سے منافع  کے حصول نے  مارکیٹ کو  منفی زون میں  داخل کردیا ۔

100 انڈیکس کو منفی زون میں لیجانے والے سیکٹر میں ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن (60.01 پوائنٹس)، فرٹیلائزر (33.75 پوائنٹس) اور تیل اور گیس کی تلاش (27.36 پوائنٹس) شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر