کراچی میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں نمایاں کمی

افغانستان اور ایران سے دونوں اشیاء کی درآمد کے بعد قیمتوں میں کمی ہورہی ہے۔

پڑوسی ممالک ایران اور افغانستان سے سبزیوں کے کنٹینرز کراچی پہنچنے کے بعد ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

ملک میں طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے بعد سبزیوں کے نرخ آسمان کو چھونے لگے تھے۔

دو روز قبل پیاز کے 70 کنٹینرز اور ٹماٹر کے 50 سے زائد کنٹینرز کراچی سبزی منڈی پہنچ تھے۔

یہ بھی پڑھیے

عوام کے لیے تمام ریلیف ختم ، آئی ایم ایف کے سامنے حکومت کی ایک نہ چلی

کراچی کے عوام 20 کلو آٹے کا تھیلا 2140 روپے میں خریدنے پر مجبور

ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کے بعد ہول سیل مارکیٹ میں پیاز 50 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے جبکہ ٹماٹر 100 سے 110 روپے فی کلو فروخت ہوئے۔

اس وقت ریٹیل مارکیٹ میں ٹماٹر 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں جبکہ پیاز کی قیمت 120 سے 160 روپے فی کلو ہے۔

کراچی سبزی منڈی کی انتظامیہ نے سندھ حکومت پر زور دیا ہے کہ درآمدی ٹماٹر اور پیاز کی مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو متحرک کرے۔

دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ افغانستان سے آنے والے کنٹینرز کو کلیئرنس کے لیے سرحدی کسٹم چوکیوں پر تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کی وجہ امپورٹرز اور ایکسپوٹرز دونوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت اور محکمہ کسٹم پر زور دے کر اپیل کی ہے کہ ٹماٹر اور پیاز کو لے جانے والے ٹرکوں کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے ٹماٹر چونکہ خراب ہونے والی جنس ہے اور پیاز کا معیار بھی زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے خراب ہو جاتا ہے، اس لیے انہیں ترجیحی بنیادوں پر ریلیز کیا جائے۔

درآمد کنندگان کے مطابق اب تک 1150 ٹن سے زائد ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کے اجازت نامے حاصل کیے جا چکے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع اس بات کی امید کررہے ہیں کہ ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے ان اشیاء کی مزید درآمد کے بعد ٹماٹر اور پیاز کے نرخ مزید کم ہوجائیں گے۔

متعلقہ تحاریر