مالیاتی خسارہ بے قابو، رو پیہ قدر کھوبیٹھا، برآمدات بڑھ گئیں، درآمدات میں کمی
مالی سال کی پہلی سہ ماہی رپورٹ جاری، مالیاتی خسارہ 45.4فیصد بڑھ گیا، ترسیلات زر میں 6.3 فیصد کمی، برآمدات میں 5.5 فیصد اضافہ، درآمدات میں 7.9 فیصد کمی، ٹیکس آمدن میں 17 فیصد، نان ٹیکس آمدن میں 47 فیصد اضافہ ریکارڈ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 70 کروڑ ڈالر کمی۔

وزارت خزانہ نے مالی سال 23-2022 کی پہلی سہ ماہی پورٹ جاری کردی۔معاشی سال کے پہلے 3 ماہ میں مالیاتی خسارہ مزید بڑھ گیا، روپیہ قدر کھوبیٹھا۔
تاہم برآمدات اور آمدنی میں اضافہ جبکہ درآمدات اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیے
سوئی ناردرن کے صنعتی صارفین کو یکم نومبر سے گیس کی فراہمی 3 ماہ کیلیے بند
یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
جولائی تا ستمبر 2022 معیشت مسلسل دباؤ کا شکار رہی ہے اور مہنگائی 26.1 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 8.6 سے فیصد تھی۔ گزشتہ مالی سال میں 26 اکتوبر 2021 کوڈالر کا ریٹ 175 روپے تھا۔ رواں سال 26 اکتوبر کو ڈالر کا ریٹ 220 روپے تک جاپہنچا۔ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے باوجود ترسیلات زر کم ہوگئیں ۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ رپورٹ کے مطابق مالیاتی خسارہ مزید بڑھ گیا ہے، رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اگست میں مالیاتی خسارہ 45.4 فیصد اضفے سے جی ڈی پی کا 0.9 فیصد یا 672ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے2 ماہ میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 0.7فیصد یا 462ارب روپے تھا۔
رپورٹ کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کا بھی حکومت پر اعتماد کم ہوا ہےاورڈالر ریٹ 220 روپے ہونے کے باوجود جولائی تا ستمبر ترسیلات زر بھی گزشتہ سال کی نسبت 6.3 فیصد کم ہوگئیں۔ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 47.1 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، غیر ملکی سرمایہ کاری جو جولائی تا اگست 2021 میں 47 کروڑ ڈالر تھی جولائی تا اگست 2022 میں کم ہوکر 25 کروڑ ڈالر رہ گئی۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں معیشت کی بہتری کے لیے کچھ اعداد و شمار بہتر بھی نظر آئے ہیں۔ جولائی تا ستمبر 2022 برآمدات 5.5 فیصد اضافے سے 7.6 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 7.2 ارب ڈالر تھیں۔
جولائی تا ستمبر 2022 درآمدات 7.9 فیصد کمی کےبعد 16 ارب ڈالر پر آگئیں جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 17.4 ارب ڈالر تھیں۔ جولائی تا اگست 2022 ٹیکس آمدن17 فیصد بڑھ کر 1632 ارب روپے رہی جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1396 ارب روپے تھی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا اگست 2022 نان ٹیکس آمدن 47 فیصداضافے سے 111 ارب روپے رہی جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 75 ارب روپے تھی۔ جولائی تا اگست 2022 کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 70 کروڑ ڈالر کمی کے بعد 2.4 ارب ڈالر سے کم ہوکر 1.9 ارب ڈالر تک آگیاہے۔









