زرمبادلہ کے ذخائر 6.7ارب ڈالر رہ گئے،آرمی چیف کے دورے کےبعد سعودی عرب سے مزید 3 ارب ڈالر ملنےکی امید

جنوری 2019 کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر نچلی ترین سطح تک گرگئے، پاکستان کو رواں سال جون تک 16 ارب ڈالر کا قرض لوٹانا ہے، سعودی وزیرخزانہ محمد الجدعان کا پاکستان کی ہرممکن مدد جاری رکھنے کا اعلان

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 6.7ارب ڈالر کی نچلی ترین سطح تک گرگئی۔ پاکستان   2 ہفتے کی درآمدات  کی ادائیگیوں کے قابل بھی نہیں رہا تاہم سعودی عرب سے مزید امداد ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

سعودی وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کی ہرممکن امداد جاری رکھے گا۔نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس کےبعد سعودی  عرب سے پاکستان کومزید 3 ارب ڈالر ملنے کی امید ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سرمایہ کار پریشان، حصص بازار میں مندی اور ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ

2075 میں پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی معیشت ہوگا، گولڈمین ساکس کی پیشگوئی

جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کےزرمبادلہ کے ذخائر78کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی کمی کےبعد 6.7 ارب ڈالر تک گر گئے ہیں۔18 جنوری 2019 کے بعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی یہ نچلی ترین سطح ہے۔

اعداد شما ر کے مطابق کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد 5.9ارب ڈالر تک گرگئے ہیں ۔یوں   پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 79کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد12.6ارب ڈالر رہ گئے ہیں ۔

 واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے 2 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں سکوک کی مد میں ایک ارب ڈالر کی بین الاقوامی ادائیگی کی تھی جبکہ ایشین انفرااسٹرکچر بینک سے پاکستان کو 50کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔

دوسری جانب مشکلات میں گھری قومی معیشت کیلیے اچھی خبر یہ آئی ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب سے مزید امداد ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔سعودی عرب  نے پاکستان کی مزید مالی امداد کا عندیہ دیدیا۔

غیرملکی جریدے بلومبرگ کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان کے مطابق سعودی عرب پاکستان کی مالی مدد کرے گا کیونکہ وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات سے نبرد آزما ممالک کے ساتھ اتحاد قائم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

محمد الجدعان نے ریاض میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سعودی حکومت پاکستان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔مملکت نے خطے کے ممالک کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں کیونکہ وہ اتحادیوں کو تقویت دینے اور نئے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔اس نے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بڑھانے اور معاشی اثرات پر قابو پانے میں پاکستان کی مدد کے لیے 3ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کا بجٹ4 ارب ڈالر سے زائد سرپلس ہوگیا ہے، سعودی عرب ترک سینٹرل بینک میں بھی 4 ارب ڈالر رکھے گا۔

نیوز 360کے ذرئع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر جلد اپنے پہلی غیر ملکی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔اس دورے کے موقع پر آرمی چیف کی سعوی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف کے دورے کے بعد پاکستان کو سعودی عرب سے مزید 3 ارب ڈالر ملنے کی امید ہے۔ جس کے بعد پاکستان کی مالی مشکلات میں بڑی حد تک کمی واقع ہوجائے گی۔واضح رہے کہ  پاکستان کو رواں مالی سال جون کے اختتام تک 16 ارب ڈالر قرض واپس کرنا ہے۔

متعلقہ تحاریر