اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی، 80 ارب کا نقصان، انڈیکس 40 ہزارسے نیچے آگیا

غیریقینی سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی،100انڈیکس میں 1 ہزار138 پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ کاروں کے 80 ارب روپے ڈوب گئے، دوسری جانب ڈالر بھی آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگا جبکہ ایک تولہ سونا بھی تقریباً 4 ہزار روپے مہنگا ہوکر 1 لاکھ 79 ہزار روپے کا ہوگیا ہے

ملک میں جاری غیرمستحکم سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج کریش کرگئی۔ حصص بازار کا انڈیکس جولائی 2022 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روزپاکستان اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی۔ ایک روز میں سرمایہ کاروں کو تقریباً80 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جبکہ 100 انڈیکس جولائی 2022 کے بعد کم ترین سطح پر آگیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

غیر یقینی سیاسی صورتحال کا اسٹاک ایکسچینج پر دباؤ، 100 انڈیکس میں 330 پوائنٹس کی کمی

آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری کا آغاز منفی  زون میں ہوا جوکہ اپنے اختتام تک کریش تک پہنچا اور اختتامی مراحل میں 100 انڈیکس میں ایک ہزار 138 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جوکہ جولائی کے بعد کم ترین سطح ہے ۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی رسہ کشی کاروبار پر بدترین اثر ڈال رہی ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کار انتہائی گھبراہٹ کا شکار رہے اور انہیں 80 ارب روپے کا نقصان بھی ہوا ۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک کی غیرمستحکم سیاسی صورتحال اسٹاک مارکیٹ پر اپنے برے اثرات  ڈال رہی ہے تاہم مثبت سیاسی خبر یا آئی ایم ایف سے مذاکرات کی مثبت  پیش رفت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرے گی۔

معیشت دانوں نے بتایا کہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تاخیر بھی اسٹاک مارکیٹ کے کریش ہونے کی وجوہات بنی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 2021 کے اختتام پرپاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 44 ہزار 596 پر موجود تھا جو آج 20 دسمبر تک 4 ہزار 764پوائنٹس کم ہوکر انڈیکس 39 ہزار 832 پر پہنچ گیا ہے ۔

دوسری جانب امریکی ڈالر بھی پاکستان روپے کو آنکھیں دکھانے لگا ہے۔ آج انٹربینک میں ایک ڈالر کی قدر میں 18 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا تاہم اوپن مارکیٹ میں روپیہ مستحکم رہا ۔

اسٹیٹ بینک پاکستان  کے اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ آج 18 پیسے بڑھا ہے۔18 پیسے اضافے کے بعد  ایک ڈالر 225 روپے 12 پیسے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 234 روپے برقرار ہے۔

اسٹاک مارکیٹ اور کرنسی مارکیٹ میں بدترین صورتحال کے اثرات  صرافہ بازار میں بھی نظر آئے ایک ایک ہی روز میں سونا کی قیمتوں میں ایک دم سے ہزاروں روپے کا اضافہ ہوگیا ہے ۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک تولہ سونے کی قیمت میں  3 ہزار 900 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد ایک تولہ سونا  ایک لاکھ 79 ہزار کا ہوگیا ہے ۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 3344 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 53 ہزار  292 روپے ہے جبکہ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 12 ڈالر اضافے سے 1808 ڈالر فی اونس ہے۔

متعلقہ تحاریر