کے الیکٹرک کے صارفین پر نیپرا کی مہربانی، فی یونٹ 7 روپے 43 پیسے کی کمی
اتھارٹی کے فیصلے سے کراچی کے بجلی صارفین کو 10 ارب 61 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔
مہنگائی کی ماری عوام کو تھوڑا سا ریلیف مل گیا ، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے منگل کے روز کے۔الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ کمی کردی ہے ، تاہم اس کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
لائف لائن صارفین سے کیا مراد ہے؟
ایسے صارفین جو 100 سے کم یونٹ ماہانہ لگاتار 12 ماہ استعمال کرتے ہوں انہیں لائف لائن صارفین کہا جاتا ہے ، اگر کبھی کبھار 100 یونٹ یا اس سے کم استعمال ہوں تو لائف لائن صارف نہیں ہو گا۔
یہ بھی پڑھیے
ملک میں مہنگائی کی شرح 27.3 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ، سونا مزید مہنگا
یہ فیصلہ کے الیکٹرک کی جانب سے نومبر 2022 کے لیے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں جمع کرائی گئی درخواست پر نیپرا کی جانب سے آج عوامی سماعت کے بعد کیا گیا۔
کے الیکٹرک کی جانب سے نومبر 2022 کے مہینے کے لیے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں 7 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دائر کی تھی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے قیمتوں میں کمی درخواست عالمی منڈی سے ملنے والے فرنس آئل کی قیمتوں کمی کے بعد کی گئی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق فیصلے سے کراچی کے بجلی صارفین کو 10 ارب 61 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سے متعلق تفصیلی فیصلہ نیپرا بعد میں جاری کرے گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ FCAs کا انحصار ایندھن کی عالمی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہے اور یہ نیپرا اور حکومت پاکستان کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت صارفین کے بلوں کو منتقل کیے جاتے ہیں۔