فلم کتنے ہی کروڑ کمالے شائقین کی خوشی سے بڑا کوئی انعام نہیں، شاہ رخ خان

ہمیں بھارتی ثقافت اور قدیم داستانوں کو نئے اور جدید انداز سے پیش کرنے کی ضرورت ہے، بالی ووڈ کنگ کی پریس کانفرنس: ہدایت کار سدھارتھ آنند کا پٹھان کا سیکویل بنانے کااشارہ، فلم پٹھان کی جانب سے آج دنیا بھر میں 600 کروڑ روپے کا سنگ میل عبور کیے جانے کا امکان

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے فلم پٹھان کی بے مثال کامیابی پر کہا ہے کہ  فلم چاہے کتنے ہی کروڑ کمالے، فلم دیکھ کر شائقین کو ملنے والی خوشی سے بڑا کوئی انعام نہیں ہے۔

25فروری کو ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان،دیپیکا پڈوکون  اور جان ابراہم کی فلم پٹھا ن نےبالی ووڈ میں کامیابی کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اورصرف پانچ روز میں 547کروڑ بھارتی روپے کماچکی ہے۔ فلم پٹھان کی کامیابی کے بعد ہدایت کارسدھارتھ آنند نے فلم کا سیکوئل بنانے کا بھی اشارہ دیدیا۔

یہ بھی پڑھیے

فلمساز رافع راشدی کا فلم پٹھان میں پاکستان کا منفی تاثر دکھانے پر دلچسپ تبصرہ

شاہ رخ خان کی فلم  پٹھان نے باہو بلی 2 اور کے جی ایف 2 کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

فلم پٹھا ن کی کامیابی کے بعد شاہ رخ خان، دیپیکاپڈوکون اور جان ابراہم پر مشتمل اسٹار کاسٹ نے فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند کے ساتھ پہلی مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے شاہ رخ خان نے کہاکہ”دیپیکا پڈوکون امر ہے، میں شاہ رخ خان ، اکبرہوں،جان ابراہم، انتھونی ہیں اور یہی امر،اکبر،انتھونی ملکر سنیما بناتے ہیں، ہم میں کوئی اختلاف نہیں ہے،کسی کیلیے بھی،کسی ثقافت سے،زندگی کے کسی پہلو سے ہمیں کوئی اختلاف نہیں ہے،ہم فلم اسی لیے بناتے ہیں، ہم آپ سے محبت کرتے ہیں تاکہ آپ ہم سے محبت کریں، ہم پیار کے بھوکے ہیں“۔

View this post on Instagram

A post shared by Yash Raj Films (@yrf)

شاہ رخ خان نے مزید کہاکہ”فلم  کےسو کروڑ، دو سوکروڑ، تین سو کروڑ، پانچ سو کروڑ، ہزار کروڑ چاہے جتنے بھی کروڑ ہوجائیں وہ ضروری نہیں ہیں،آپ کو ہماری فلم دیکھ کر جو پیار ملتا ہے اور آپ کی خوشی دیکھ کر ہمیں جو پیار ملتا ہےاس سے بڑا کوئی انعام نہیں ہے“۔

انہوں نے مزیدکہا کہ  ہمیں بھارتی ثقافت اور قدیم داستانوں کو نئے اور جدید انداز سے پیش کرنے کی ضرورت ہےاور جب ہم ایسا کرتے ہیں تو ہم کسی پر طنز نہیں کرتے بلکہ ہم صرف نوجوانوں کی زبان بولنے کی کوشش کرتے ہیں جوکہ اب تبدیل ہوچکے ہیں“۔

پریس کانفرنس کے دوران فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند نے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ پٹھان آئی ہے اور ہٹ ہوگئی اب اس کے بعد کیا بنائیں گے؟ جس پر وہاں موجود افراد نے زور ،زور س پٹھان 2 کی آواز لگائی جس پر فلم پٹھان کے ڈائریکٹر نے کہا کہ انشاءاللہ۔

دریں اثنا بھارتی میڈیا کے مطابق فلم پٹھان نے 5دن میں تقریباً 550 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا اور امید ہے کہ فلم آج دنیا بھر میں 600کروڑ روپے کا سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

بالی ووڈ کے معروف تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم پٹھان نے 5 دن میں 542 کروڑ روپے کمالیے ہیں۔ تجزیہ کار کے مطابق فلم اب تک بھارت بھر سے 335 کروڑ روپے جبکہ بیرون ملک سے 207 کروڑ روپے کماچکی ہے۔

متعلقہ تحاریر