عشنا شاہ نے ٹرولز سے معافی مانگنے کے بعد انسٹاگرام کو خیرباد کہہ دیا

اداکارہ کو شادی کے لباس اور رقص پر شدید تنقید کا سامنا تھا، میں نے اپنی ثقافت کو نقصان پہنچانے کیلیے شادی کی اور نہ میرا یسا کوئی ارادہ تھا، کسی کو مایوسی ہوئی تو معذرت خواہ ہوں، ذہنی سکون کیلیے انسٹاگرام سے دور جارہی ہوں، اداکارہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی نوبیاہتا اداکارہ عشنا شاہ نےشادی کے موقع پر بن بلائے فوٹو گرافرز کی جانب سے شادی کی وڈیوز اور تصاویر لیک کیے جانے کے بعد خود پر ہونے والی  تنقید سے تنگ آکر عارضی طورپر انسٹاگرام کو خیرباد کہہ دیا۔

شادی  کی لیک تصاویر اور وڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کےبعد اداکارہ کو بھارتی طرز کا عروسی لباس پہننے اور رقص کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

اداکارہ عشنا شاہ نے گالفرحمزہ امین سے شادی کرلی

اداکارہ عشنا شاہ نے پیشہ ور گالفر حمزہ امین سے منگنی کرلی

اداکارہ عشنا شاہ نےبلاگر اور میگزین ایڈیٹر اے بی لاکھانی  پر شادی کی تصاویر اور وڈیوز لیک کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے  کہا تھا کہ  وہ بن بلائے اپنے ساتھ فوٹو گرافر اور ڈرون کیمرا لاکر نہ صرف نکاح کے موقع پر ان کیلیے بے سکونی کا سبب بنے بلکہ انہوں نے بلااجازت تقریب کی تصاویر اور وڈیوز بھی لیک کردیں۔

البتہ عشنا شاہ کی شادی کی وڈیوز اور تصاویر لیک کرنے میں صرف اے بی  لاکھانی ہی ملوث نہیں تھے بلکہ دیگر فوٹوگرافرز بھی بن بلائے ان کی شادی میں چلے آئے تھے۔ اس حقیقت کا ادراک ہونے پر اداکارہ نے نہ صرف اے بی لاکھانی بلکہ شادی کے لباس اور رقص پر تنقید کرنے والے صارفین سے بھی معافی مانگ لی۔

اداکارہ نے اپنی آخری انسٹاگرام پوسٹ میں لکھاکہ”میں نے برسوں آن لائن ٹرولنگ پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا، لیکن میں اپنی زندگی کے انتہائی نازک وقت میں ایک انسان ہوں، نئے گھر میں نئی ​​دلہن ہوں“۔

شادی کے موقع پر نجی زندگی میں کی جانے والی مداخلت اور ٹرولنگ پر غم و غصے کااظہارکرتے ہوئے  داکارہ نے مزید لکھاکہ” میں نے فوٹو گرافرز  کی خدمات لیتے وقت  ان سے رازداری   کے معاہدے پر دستخط کروائے، دروازے پر سخت سیکیورٹی اور مہمانوں کی فہرستیں آویزاں کیں کیونکہ میں اپنے ملن کی حفاظت کرناچاہتی تھی اور صرف وہی شئیر کرنا چاہتی تھی جس میں مجھے سکون ملے،میں ان لمحات کو ذاتی رکھنے کیلیے سخت جدوجہد کی لیکن  بہت سے لوگوں نے ہمارے خوشی کے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہماری رازداری کی خلاف ورزی کی جس میں ہمارے نکاح میں خلل ڈالنا بھی شامل ہے“۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے ہی دکھ پہنچا جیسے کسی بھی دلہن کو پہنچتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ”میں نے سب سے پہلے اس شخص کو بے نقاب کیا جس کے بارے میں  مجھے علم ہوا تھا کہ   اس نے میری رازداری میں  مداخلت کی  ، میں نے اپنا دفاع کیا لیکن  پھر میں  پیچھے ہٹ گئی  کیونکہ اس نے معافی مانگ لی تھی اور  میرے علم  میں  یہ بات بھی آئی تھی کہ  دیگر لوگ بھی اس معاملے میں بدترین طور پر ملوث پائے گئے  تھے اور مجھے پہنچنے والے نقصان کا کوئی مداوا بھی ممکن نہیں تھا“ ۔

عشنا  شاہ نے مزید کہا کہ”میں نے بہت سے تبصرے پڑھے ہیں اور یہ رکتے ہوئے نظر نہیں آرہے،براہ کرم یقین کریں میں نے اپنی ثقافت کو نقصان پہنچانے کیلیے شادی نہیں کی اور نہ میرا یسا کوئی ارادہ تھا لیکن اگر لوگوں کو ایسا لگتا ہے کہ میں نے ایسا کچھ کیا ہے تو میں کسی کو مایوس کرنے پر معذرت خواہ ہوں“ ۔

اداکارہ نے اعلان کیا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کے لیے کچھ دنوں تک انسٹاگرام سے دوری اختیار کررہی ہیں کیونکہ وہ یہ وقت اپنے شوہر اور نئے خاندان کے ساتھ گزارنا چاہتی ہیں جو کہ ایک نعمت ہیں۔

اداکارہ نے ایک اور اسٹوری میں لکھاکہ”میں نے اے بی سے صرف اس لیے معافی مانگی تاکہ اسے ٹرولنگ سے بچایا جا سکے اور مجھے اپنے طریقے سے شادی کرنے، اپنی شادی کو اپنا رکھنے کی شدید کوشش، نکاح میں  ڈرون کے ذریعےڈالے گئے خلل  پر افسردگی اور خلاف ورزی محسوس کرنے پر   بے رحمی سے غنڈہ گردی  کا نشانہ بنایا گیاہو رہی ہے“۔

 اداکارہ نے مزید لکھا کہ انہیں اپنے انداز سے شادی کرنے پر  نفرت سے بھرپور لاکھوں میسجز ملے  ۔انہوں نے مزید لکھاکہ” یہ ظلم سے بڑھ کر ہے ،جو میں نے پہنا تھا اسے پہننے   اور جو صرف میرا ہونا تھا اس کی حفاظت کرنے کی کوشش پربراہ کرم   مجھے معاف کر دیں۔ میں نے اس میں سے کسی کے لیے سائن اپ نہیں کیاتھا، میں اس قصے سے دستبردار ہورہی ہوں “۔

بعدازاں اداکارہ نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ معطل کردیا اور اپنے شوہر حمزہ امین کے ساتھ بیرون ملک روانہ ہوگئیں۔یادر ہے کہ اداکارہ عشنا شاہ   اتوار کے روز  آسٹرین گالفر حمزہ امین کے ساتھ  رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

متعلقہ تحاریر