انگین آلتان دوزیاتان بول اُٹھے ”لہور لہور اے‘‘

مہمان اداکار نے پاکستان کے قدرتی حسن اور کھانوں کی بھی خوب تعریف کی اور کہا کہ یہاں کے کھانے میں مرچیں زیادہ ہیں

ترک ڈرامے ” ارطغرل غازی” کے مرکزی کردار انگین آلتان نے جمعے کے روز لاہور کے نجی ہوٹل میں نیوز کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ”مجھے معلوم ہے پاکستانی عوام مجھے سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ مگر میں نے اتنے ہجوم کی توقع نہیں کی تھی۔‘‘

انگین آلتان کے مختصر دورے کی وجہ

انگین آلتان نے بتایا کہ وہ پاکستان کے مختصر دورے کے لیے آئے ہیں۔ یہاں اُن کی کاروباری لوگوں کے ساتھ مصروفیات رہی ہیں۔ اُنہیں چوہدری ٹیکسٹائل مل کا ایمبیسیڈر بنایا جا رہا ہے اور وہ ایک سال کے لیے ان کے ساتھ کام کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ اُن سمیت ساتھی فنکاروں نے ڈرامے ارطغرل غازی میں بہت محنت کی ہے اور انہیں پاکستان کا پیار دیکھ کر اندازہ ہوا ہے کہ محنت رنگ لائی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ارطغرل غازی کے ہیرو انگین آلتان دوزیاتان پاکستان پہنچ گئے

 انگین آلتان نے کہا کہ ”مجھے پاکستان میں زیادہ وقت نہیں ملا مگر یہاں کی قدرتی خوبصورتی سے اچھی طرح واقف ہوں۔ میں یہاں کہ پہاڑی علاقوں کو دیکھنا چاہتا ہوں۔ اگلی بار ضرور پاکستان گھومنا چاہوں گا۔‘‘

کیا انگین آلتان پاکستانی انڈسٹری میں کام کریں گے؟

ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ”اگر اچھی کہانی ملی تو پاکستانی ڈراموں میں ضرور کام کروں گا۔‘‘

انگین آلتان کے عمران خان کی ملاقات

ارطغرل غازی کے ہیرو پاکستانی مداحوں کے شکر گزار ہونے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان کی تعریف کئے بغیر بھی نہ رہ سکے۔ مہمان اداکار کی وزیراعظم سے ملاقات طے نہیں ہے البتہ ذرائع کے مطابق ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اسلام آباد جائیں گے جہاں وہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

انگین آلتان بھی بول اُٹھے لاہور لاہور اے

مہمان اداکار نے پاکستان کے قدرتی حسن اور کھانوں کی بھی خوب تعریف کی اور کہا کہ یہاں کے کھانے میں مرچیں زیادہ ہیں۔ آخر میں جاتے ہوئے انگین آلتان بھی نعرہ لگا گئے ”لہور لہور اے‘‘…

متعلقہ تحاریر