پاکستانی ریپرز علی ظفر کی حمایت میں ‘حاضر’

ریپر نے گلوکار علی ظفر کی حمایت کرتے ہوئے 'می ٹو' ریپ سانگ بنادیا ہے۔

پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ میشا شفیع کے مابین 2018 سے جاری مقدمے کے تناظر میں نوجوان ریپرز علی ظفر کی حمایت حاضر ہوگئے۔ ریپرز نے ‘می ٹو’ سانگ بنایا ہے جس میں میشا شفیع پر تنقید کی گئی ہے۔ 

چند روز قبل علی ظفر نے ویڈیو پیغام میں ریپ کے مقابلے کے لیے میوزک بیٹ کا ٹیزر پیش کیا تھا۔ انہوں نے ریپرز کو اس بیٹ پر ریپ کر کے اپنی ویڈیو میں فیچر کرنے کا موقع فراہم کیا تھا۔ جس کے بعد ملک بھر سے ریپرز نے ویڈیوز شیئر کرنا شروع کردیں۔

ان ویڈیوز میں ‘می ٹو’ ریپ سانگ کی ویڈیوز بھی شامل ہیں۔ ریپرز نے علی ظفر کی حمایت کرتے ہوئے میشا شفیع کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

میشا شفیع اور علی ظفر کے درمیان تنازعہ اپریل 2018 میں شروع ہوا تھا۔ دنیا بھر میں جنسی ہراسانی کے خلاف ‘می ٹو’ مہم جاری تھی۔ میشا شفیع نے 2018 میں ‘می ٹو’ مہم کے دوران علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

ان کا موقف تھا کہ علی ظفر  نے ایک سے زائد مرتبہ پر انہیں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا ہے۔

جس کے بعد میشا شفیع اور ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر علی ظفر کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کیا تھا۔ میشا شفیع کے مداحوں نے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا تھا۔

بعدازاں مقدمہ عدالت میں لے جایا گیا۔ شواہد کا جائزہ لینے اور گواہان کے بیانات کے بعد فیصلہ علی ظفر کے حق میں سنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

علی ظفر پاکستانی نوجوان ریپرز کی تلاش میں

علی ظفر کے حق میں فیصلے کے بعد انہوں نے میشا شفیع اور سوشل میڈیا پر انہیں بدنام کرنے والے حمایتیوں پر ہتکِ عزت کا دعویٰ کیا تھا۔

علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر کی جانے والی باتیں بےبنیاد تھیں۔ میشا شفیع اور ان کے حمایتیوں نے سوشل میڈیا پر ہتک آمیز مواد شیئر کیا جس سے ان کے نام اور کیریئر کو نقصان پہنچا ہے۔

علی ظفر نے اپنے خلاف سوشل میڈیا پر کردار کشی کے الزامات کے تحت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ میں میشا شفیع اور ان کے دیگر حمایتیوں کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

میشا شفیع کے خلاف چالان عدالت میں، علی ظفر گانوں میں مگن

رواں ماہ ایف آئی اے نے میشا شفیع اور دیگر 8 افراد کو علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر کردارکشی کی مہم چلانے کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔ جبکہ میشا شفیع کو سماعت کی اگلی تاریخ 18 جنوری 2021 دی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر