حدیقہ کیانی اداکارہ اور ثانیہ سعید گلوکارہ بن گئیں

حدیقہ کیانی کی شیئر کردہ ویڈیو میں اداکارہ ثانیہ سعید ان کے ساتھ سر ملاتی نظر آرہی ہیں۔

حدیقہ کیانی بلاشبہ پاکستان کی ایک بہترین گلوکارہ ہیں اور سر بکھیرنا ان کےلیے کوئی مشکل کام نہیں لیکن اداکارہ ثانیہ سعید بھی سریلی آواز کی مالک ہیں، مداح اس بات سے ناآشنا تھے۔

پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے والی ہیں۔ گلوکارہ جلد نئے ڈرامہ سیریل ‘رقیب سے’ میں نظر آئیں گی۔ ڈرامے میں ان کے مدمقابل ثانیہ سعید اداکاری کے جوہردکھائیں گی۔

گزشتہ روز حدیقہ کیانی نے سوشل میڈیا پر ڈرامے کے سیٹ پر بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ثانیہ سعید ان کے ہمراہ سُرملاتی دکھائی دیں۔ گلوکارہ نے فیس بک پر ویڈیو پر تبصرے میں ثانیہ سعید کی تعریف کی۔ لکھا کہ ان کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے۔

حدیقہ کیانی نے اس ویڈیو کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا۔ دونوں فنکاروں کی اس ویڈیو کو مداحوں نے بے حد پسند کیا۔

یہ بھی پڑھیے

اداکار نعمان اعجاز کیسی مردانہ سوچ اجاگر کر رہے ہیں؟

یہ بات قابل ذکر ہے کہ حدیقہ کیانی اور ثانیہ سعید دونوں اپنے شعبے میں مہارت رکھتی ہیں۔ حدیقہ کیانی نے پاکستان کی میوزک انڈسٹری کو متعدد سپر ہٹ گانے دیئے جن میں بوہے باریاں، دل جانیا اور یاد سجن دی شامل ہیں۔ دوسری طرف ثانیہ سعید بھی صف اول کی اداکارہ ہیں۔ ان کے مشہور ڈراموں میں ستارہ اور مہرالنساء، زیب النساء ، سنگ مرمر، سمی، اسیر زادی اور دیگر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ‘رقیب سے’ کا ٹائٹل سانگ بھی حدیقہ کیانی نے گایا ہے۔ ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں اداکار نعمان اعجاز، اقراء عزیز اور فریال محمود شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر