کنگنا رناوت متنازع بیانات کے باعث پھر پھنس گئیں

ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد اداکارہ کو عدالت نے بھی طلب کرلیا۔

بالی ووڈ میں خبروں میں رہنے والی اداکارہ کنگنا رناوت متنازع بیانات کے باعث کسی نہ کسی تنازعے کا شکار رہتی ہیں۔ اس مرتبہ اداکارہ نے سیف علی خان کی نئی ویب سیریز تانڈو پر اعتراض کیا تو ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کردیا گیا۔ اِس کے علاوہ انڈین شاعر جاوید اختر کی جانب سے اداکارہ پر دائر کردہ مقدمے میں بھی انہیں طلب کرلیا گیا۔

انڈین اداکارہ کنگنا رناوت متنازع موضوعات پر اپنے تلخ تجربات کا اظہار کرتی رہتی ہیں لیکن کبھی کبھار بےجا مخالفت مہنگی بھی پڑجاتی ہے۔ انڈین ویب سیریز تانڈو پرہندو انتہا پسندوں کی برہمی کے بعد کنگنا بھی ٹوئٹر پرمخالفت میں نکل آئیں لیکن انہیں لینے کے دینے پڑگئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراداکارہ نے پیغام میں لکھا کہ سیریز میں ہندودیوتاؤں کی توہین کرنے پر ذمہ داران کے خلاف آواز اٹھانے کا وقت آگیا ہے۔ کنگنا کے اس بیان پر سیریز کے بنانے والوں نے اداکارہ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ٹوئٹر انتظامیہ نے بھی فوری ایکشن لیتے ہوئے کنگنا رناوت کا ٹوئٹر ہینڈل عارضی طور پر بند کردیا ہے۔ ٹوئٹس ڈلیٹ کیے جانے کے بعد اُن کا اکاؤنٹ بحال کر دیا گیا۔ جس پر اداکارہ غصے سے آگ بگولا ہوگئیں اور مذید ٹوئٹس میں ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

کنگنا رناوت نے ٹوئٹرپیغام میں لکھا کہ مخالفین ‘چچا جیک’ کے پاس رونے پہنچ گئے تھے۔ کنگنا نے موقف اختیار کیا کہ ان کا اکاؤنٹ ملک کے لیے کبھی بھی شہید ہوسکتا ہے مگر وہ فلموں کے ذریعے حب الوطنی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ سب کا جینا دشوار کردیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

ہندوانتہا پسند سیف علی خان سے پھر ناراض

گزشتہ روز اداکارہ نے دوبارہ اپنے مخالفین کے خلاف ٹوئٹ کردیا۔ ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ ٹوئٹر قوانین کی پاسداری نہ کرنے والے کسی بھی صارف کے خلاف ایکشن لے سکتے ہیں۔

دوسری جانب کنگنا رناوت کو عدالت نے بھی طلب کرلیا ہے۔ معروف انڈین شاعر جاوید اختر کی جانب سے نومبر میں اداکارہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا جس کی سماعت کے لیے عدالت نے انہیں طلب کیا ہے۔ نوٹس میں اداکارہ کو تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر وہ خود سے عدالت نا پہنچیں تو جمعے کو ان کے گھر پولیس بھجوائی جائے گی۔

عدالتی نوٹس کے بعد بھی کنگنا رناوت بعض نا آئیں اور تازہ ٹوئٹ میں طنزیہ انداز میں لکھا کہ آج ان کے خلاف ایک اور نوٹس آگیا اب تو جیل میں ڈال دیا جائے اور 500 مقدمات بھی درج کرلیے جائیں۔

متعلقہ تحاریر