گیم آف تھرونز کی اینیمیٹڈ سیریز بھی بنائی جارہی ہے؟

ایچ بی او میکس کے عہدےداروں نے ممکنہ اینیمیٹڈ ڈرامہ سیریز کے حوالے سے مصنفین کے ساتھ ملاقاتیں کرنا شروع کردی ہیں۔

انڈین اخبار ‘انڈین ایکسپریس’ نے اپنی خبر میں اشارہ دیا ہے کہ ایچ بی او میکس کی اسٹریمنگ سروس کے لیے ہالی ووڈ کی مشہور ڈرامہ سیریز ‘گیم آف تھرونز’ کی اینیمیٹڈ سیریز بھی بنائی جارہی ہے۔

ایچ بی او میکس کے عہدے داروں نے ممکنہ اینیمیٹڈ ڈرامہ سیریز کے حوالے سے مصنفین کے ساتھ ملاقاتیں کرنا شروع کردی ہیں۔ جبکہ ایچ بی او کے ترجمان نے اس خبر پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

ایچ بی او پر نشر ہونے والی اس سیریز کا پہلا سیزن 2011 میں نشر کیا گیا تھا۔ اس ڈرامہ سیریز کو دنیا بھر میں پسند کیا گیا جس کے آٹھویں اور آخری سیزن کی آخری قسط 19 مئی 2019 کو نشر ہوئی تھی۔

مشہور مصنف جارج آر آر مارٹن کے ناولوں پر مبنی گیم آف تھرونز سیریز نے 12 ایمی ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں جن میں بہترین ڈرامہ سیریز کا ٹاپ پرائز بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نیٹ فلکس پر توہین آمیز مواد دکھانے کی وجہ سے پاکستان میں پابندی کا خطرہ

اس ڈرامہ سیریز میں امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے اداکاروں نے کردار ادا کیے ہیں جس کی عکس بندی امریکا، افریقہ، یورپ، اور مشرق وسطیٰ میں کی گئی ہے۔

اب خبریں سامنے آرہی ہیں کہ گیم آف تھرونز اینیمیٹڈ سیریز پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے اور ایگزیکٹوز فرنچائز میں نئی پروگرامنگ پر کام جاری ہے جس کا مقابلہ والٹ ڈزنی کمپنی اور نیٹ فلکس انکارپوریشن سے ہوگا۔

ایچ بی او اس وقت ‘ہاؤس آف دی ڈریگن’ نامی سیریز پر بھی کام کر رہا ہے جس میں گیم آف تھرونز کے میں دکھائے گئے واقعات سے بھی 300 سال قبل کا زمانہ دکھایا جائے گا۔ امکان ہے کہ یہ سیریز اگلے سال نشر کی جائے۔

متعلقہ تحاریر