بختاور بھٹو کا نکاح کل ہوا رخصتی آج ہوگی

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بہن کی شادی پر ایسا لگا کہ والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں۔

پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ بختاور کے محمود چوہدری کے ساتھ  نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

بلاول ہاؤس میں سالوں بعد خوشی کے شادیانے بجائے گئے۔ بختاور بھٹو زرداری محمود چوہدری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ نکاح کی تقریب میں گھروالوں سمیت دونوں خاندانوں کے قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔

اس موقعے پر دلہن نے سنہرے جبکہ دولہا نے سفید رنگ کا لباس  زیب تن کیا ہوا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بہن کے نکاح کی تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیں ۔ بختاور بھٹو کو نئی زندگی کی ابتداء پر مبارکباد دیتے ہوئے تبصرے میں لکھا کہ ’بہن کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں بھرا لمحہ ہے۔ ایسا لگا کہ مسرت کے اس ‘لمحے میں والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں۔

بختاور بھٹو کی چھوٹی بہن آصفہ بھٹو نے بھی ٹوئٹر پر جوڑے کو مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیے

بختاور بھٹو کے لیے سال 2021 خوشیاں لے آیا

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 27 جنوری کو بختاور کی رسم حنا کے موقعے پر اجرک کے ڈیزائن والی مہندی کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہوئے۔ مہندی آرٹسٹ کے مطابق بختاور کو ان کی لگائی ہوئی مہندی اس قدر پسند آئی کہ انہوں نے پہلے ٹپ دی اور بعد میں بل ادا کیا۔

 

بختاور بھٹو کی بارات کی تقریب آج منعقد کی جائے گی۔ واضح رہے کہ محمود چوہدری کا تعلق لاہور سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ابوظہبی اور برطانیہ میں جبکہ یونیورسٹی آف ڈرہم سے قانون کی تعلیم حاصل کی ہے۔

متعلقہ تحاریر