ککری گراؤنڈ میں بختاور بھٹو کی شادی کا جشن

محترمہ بےنظیر بھٹو کی آصف زرداری سے شادی 1987 میں ہوئی تھی اور وہ ککری گراؤنڈ میں دلہن بن کر آئی تھیں۔

پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی شادی بلاول ہاؤس میں ہوئی لیکن جشن لیاری میں بھی ہوا، ککری گراؤنڈ میں جیالوں نے میلہ لگایا۔

33 سال بعد ککری گراؤنڈ میں تاریخ دہرائی گئی ہے۔ لیاری کے جیالوں نے بختاور بھٹو کی شادی کا جشن مناکر ایک مرتبہ پھر بےنظیر بھٹو شہید سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔ یہ کہا جائے کہ بختاور کی شادی نے جیالوں کو بے نظیر کی شادی یاد دلادی تو غلط نہ ہوگا۔ بے نظیر بھٹو کی آصف زرداری سے شادی 1987 میں ہوئی تھی اور وہ ککری گراؤنڈ میں دلہن بن کر آئی تھیں۔ اب ان کی صاحبزادی ککری گراؤنڈ تو نہیں آئیں لیکن لیاری کے جیالوں نے ان کی شادی کی خوشی بھرپور انداز میں منائی۔

پیپلز پارٹی کی خواتین کارکنان نے باقاعدہ رسم حنا کا اہتمام کیا۔ خواتین گروہ کی صورت میں مہندی لے کر ککری گراؤنڈ پہنچیں، ڈانڈیا کھیلا اور مختلف رسمیں بھی کی گئیں۔ تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئیں۔

یہی نہیں ککری گراؤنڈ میں باقاعدہ اسٹیج تیار کیا گیا، گلوکاروں سمیت مختلف فنکاروں نے پرفارمنسز پیش کیں۔ بلوچی رقص لیوا کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیے

بختاور بھٹو کا نکاح کل ہوا رخصتی آج ہوگی

ممبر صوبائی اسمبلی شازیہ کریم نے ٹوئٹر پر تقریب کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جیالوں اور لیاری کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ بختاور بھٹو کی شادی محمود چوہدری کے ساتھ 30 جنوری کو بلاول ہاؤس میں ہوئی تھی ۔ محمود چوہدری کا تعلق لاہور سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ابوظہبی اور برطانیہ میں جبکہ یونیورسٹی آف ڈرہم سے قانون کی تعلیم حاصل کی ہے۔

متعلقہ تحاریر