کیا پاکستان میں ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ دوبارہ شروع ہو رہا ہے؟

فہد مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پر اپنے نئے شو کی میزبانی کا اشارہ دے دیا ہے۔

پاکستان کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ کچھ نیا کرنے جارہے ہیں کیونکہ انہوں نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو کون بنے گا کروڑپتی (پاکستان) کی میزبانی کا اشارہ دے دیا۔

فہد مصطفیٰ پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی ایک نامور شخصیت ہیں۔ مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد جب انہوں نے پروگرام ‘جیتو پاکستان’ سے میزبانی کے شعبے میں قدم رکھا تو وہی ان کی پہچان بن گیا۔ معروف میزبان نے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فوٹو وشیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے نئے شو کا ٹیزر دے دیا۔ 5 سیکنڈز کے کلپ میں فہد مصطفیٰ شائقین کو کروڑ پتی بننے کا موقع فراہم کرتے دکھائی دیئے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پروگرام کے ٹیزر پر دلچسپ تبصرے کیے گئے۔

پروگرام کے ٹیزر سے بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ پروگرام ‘کون بنے گا کروڑپتی’ ایک مرتبہ پھر پاکستان میں لانچ ہونے جارہا ہے۔ تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی بات کہنا قبل از وقت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

فہد مصطفیٰ پر صنفی منافرت کو بڑھاوا دینے پر تنقید؟

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کی میزبانی کے فرائض لیجنڈ فنکار معین اختر نے انجام دیئے تھے۔ گیم شو ‘کیا آپ بنیں گے کروڑ پتی’ میں معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔

پاکستان میں گیم شوز کو عوام کی ایک بڑی تعداد پسند کرتی ہے۔ اس سے پہلے اداکارہ ماریہ واسطی ‘کروڑوں میں کھیل’ کے نام سے گیم شو کی میزبانی کرچکی ہیں۔ اداکار فیصل قریشی نے ‘جیت کا دم’ نامی شو میں عوام کو انعامات بانٹے جبکہ اداکار دانش تیمور بھی ان دنوں ‘گیم شو ایسے چلے گا’ کی میزبانی کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر