ندا یاسر نے صرحا اصغر کے شوہر کی غیرموجودگی میں شادی کرادی

مارننگ شو کے موضوعات سے تنگ آئے شائقین ندا یاسر کے شو کو بند کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان ندا یاسر نے اپنے مارننگ شو میں اداکارہ صرحا اصغر کی شادی کرادی ہے۔ اداکارہ کے شوہر کی غیر موجودگی پر ندا یاسر نے اپنے چہرے پر ان کی تصویر کا ماسک لگا کر کمی پوری کردی۔

ندا یاسر اپنے مارننگ شو کے عجیب و غریب موضوعات کے باعث اکثر تنازعات کی زد میں رہتی ہیں۔ بعض اوقات مہمانوں سے اس قدر نجی سوالات پوچھ لیتی ہیں کہ وہ بھی دنگ رہ جاتے ہیں۔

ندا یاسر مارننگ شو میں فنکاروں کی دوبارہ شادیاں کرانے کے حوالے سے مشہور ہیں۔ اس مرتبہ بھی انہوں نے کچھ ایسا ہی کیا۔ ندا یاسر نے دسمبر میں ازدواجی بندھن میں بندھنے والی اداکارہ صرحا اصغر کی اپنے شو ‘گڈ مارننگ پاکستان’ میں دوبارہ شادی کرائی۔ اگر مہمان اداکارہ کے شوہر بھی موجود ہوتے تو شو پر تنقید نہ ہوتی لیکن ندا یاسر نے صرحا کے شوہر کی غیر موجودگی کا حل یہ نکالا کہ ان کی تصویر کا ماسک خود چہرے پر پہن لیا اور سیٹ پر شادی کی تقاریب کا انعقاد کیا۔

سوشل میڈیا پر شو کی تصاویر وائرل ہوئیں تو شائقین نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر کا نام عمر ہے اور انہوں نے کاروبار کی تعلیم حاصل کی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صرحا اصغر کی شادی دسمبر میں ہوئی تھی۔ نکاح کی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد ان کے شوہر کی عمر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مداحوں نے کئی سوالات کیے۔

یہ بھی پڑھیے

آمنہ الیاس اور زارا نور سماجی مسائل پر سرگرم

ندا یاسر نے اس سے قبل ایک شو کیا تھا جس میں غیر معروف اداکاروں کو جعلی متاثرین ظاہر کرتے ہوئے بطور مہمان مدعو کر کے کہا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو مختلف حادثات کا شکار ہو کر زندہ بچ گئے ہیں۔ کچھ عرصے بعد وہی اداکار دوسرے شو میں نظر آئے تو حقیقت کھلی۔

اسی طرح ایک شو میں ندا یاسر ملبوسات اور دیگر چیزوں سے بھرا سوٹ کیس لے آئیں اور مداحوں کو اپنی خریدی گئی اشیاء دکھائیں۔

ندا یاسر کو اس وقت بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب جنسی تشدد کے بعد قتل کی جانے والی 7 سالہ ماورا حسین کے والدین کو مدعو کیا اور ان سے غیر مناسب سوالات کیے۔ معاملہ اس قدر بڑھ گیا کہ میزبان کو خصوصی ویڈیو بنا کر معذرت کرنا پڑی۔

اس قسم کے سوالات و موضوعات سے تنگ آئے شائقین اکثر ندا یاسر کے شو کو بند کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان میں اب بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو مارننگ شو میں شادی اور رسم حنا جیسے موضوعات کو پسند کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے ان شوز کی ریٹنگ آتی ہے اور غیر معیاری مواد کے باوجود بھی یہ نشر کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر