ڈرامہ نگار ظفر عمران اب آن لائن آرٹ اسکول میں پڑھائیں گے

ڈرامہ نگاری کا کورس 4 ہفتوں پر مشتمل ہوگا جس کی فیس 5 ہزار روپے ہوگی۔

مشہور ڈرامہ نگار ظفر عمران کا ایک ٹوئٹ وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے اپنا ایک آن لائن آرٹ اسکول ‘ظفر عمران اسکول آف فلم اینڈ ڈرامہ’ کے نام سے ادارہ کھولا ہے جہاں سیکھنے والوں کو آن لائن کلاسز دی جائیں گی۔

ماضی کے مشہور تخلیقی مصنف،  ڈرامہ نگار، ہدایتکار اور فلموں کے لیے اسکرپٹ لکھنے والے ظفر عمران  کو کون نہیں جانتا؟ ظفر عمران نے پی ٹی وی کے لیے متعدد بہترین ڈرامے لکھے۔ عشق نچایا، دو تولہ پیار اور خواب تعبیر سمیت کئی مشہور ڈرامے ان کی پہچان ہیں۔ آن لائن آرٹ اسکول کے سربراہ ظفر عمران کا فلم اور ڈراموں کی ہدایتکاری میں بھی ایک اپنا مقام ہے۔

پی ٹی وی کے لیے متعدد ڈرامے لکھنے والے ظفر عمران نے حال ہی میں ایک اسکول (اسکول آف ڈرامہ رائیٹنگ اینڈ ڈائریکشن) کھولا ہے جہاں پر نئے سیکھنے والوں کو ڈرامہ نگاری، اسکرین رائیٹنگ، ہدایتکاری اور ڈائیلاگ لکھنے کا ہنر سکھایا جائے گا۔ کورس کا آغاز 25 فروری سے شروع ہوگا جس کا دورانیہ 4 ہفتوں پر مشتمل ہوگا۔

ظفر عمران کے مطابق کلاسز آن لائن ہوں گی جس کے اوقات کار رات 7 سے 8 بجے تک ہوں گے۔ ہفتے میں 3 دن کلاسز ہوں گی اور کورس 4 ہفتوں پر مشتمل ہوگا جس کی فیس 5 ہزار روپے ہوگی۔

ڈرامہ نگاری، فلموں اور ڈراموں کی ہدایتکاری اور ڈائیلاگ لکھنا ایک فن ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیسے اس شعبے میں آنے والوں کو 4 ہفتے کے مختصر دورانیے پر مشتمل کورس کے ذریعے وہ سب کچھ سکھایا جائے گا جس کا ذکر ظفر عمران نے اپنے ٹوئٹ میں کیا ہے۔

جامعات ڈرامہ نگاری، فلموں اور ڈراموں کی ہدایتکاری اور اسکرپٹ رائٹنگ پر طلبہ کو 4 سال کا کورس کروا رہی ہیں جبکہ ظفر عمران کے کورس میں صرف 4 ہفتوں کے دوران وہ سب کچھ سکھانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ ظفر عمران کو پتہ ہے کہ شوبز کی صنعت سے وابستہ ہونے کے خواہشمند افراد ان کے نام کی نسبت سے ان کی طرف کھنچتے چلے آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈرامے ارطغرل غازی کے بچوں پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں؟

اگر ایسا ہے تو پھر آج کل جو ایک ہی طرح کے ڈرامے بنائے جارہے ہیں آئندہ بھی ایسے ہی بنائے جاتے رہیں گے۔ البتہ یہ بھی ممکن ہے کہ کوئی ایسا طالب علم کورس میں شامل ہوجائے جو پہلے سے ہی قدرتی طور پر لکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو اور ظفر عمران اسے نکھار دیں۔

متعلقہ تحاریر