سجاد علی کا انڈین شاعر گلزار کو خراج تحسین

سجاد علی نے گلزار کے لکھے ہوئے گانے کو گنگنا کر شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔

پاکستانی گلوکار سجاد علی نے انڈیا کے معروف شاعر، گیت نگار اور ہدایتکار گلزار کو خراج تحسین پیش کردیا۔ انہوں نے گانا ‘میری آواز ہی پہچان ہے’ گنگنا کر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

سجاد علی کا شمار پاکستان کے نامور گلوکاروں میں ہوتا ہے۔ اپنی منفرد آواز کے باعث سجاد علی پاکستان کی میوزک انڈسٹری میں ایک اعلیٰ مقام رکھتے ہیں اور مداحوں کی بڑی تعداد انہیں سوشل میڈیا پر فالو کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سجاد علی جب بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر یا فیس بک پر کوئی ویڈیو جاری کرتے ہیں تو وہ تیزی سے مقبول ہوجاتی ہے۔

سجاد علی کی حالیہ ویڈیو میں انہوں نے انڈیا کے معروف شاعر اور گیت نگار گلزار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ معروف گلوکار نے اپنی سریلی آواز کا جادو جگاتے ہوئے گلزار کے لکھے ہوئے گانے ‘میری آواز ہی پہچان ہے’ گنگنا کر شائقین کے دل جیت لیے۔

یہ بھی پڑھیے

میوزک کا ایکسٹرا ڈوز علی ظفر اور سجاد علی کے گانے ایک ساتھ

سجاد علی کی اس ویڈیو کو صرف 2 روز میں فیس بک پر ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد نے دیکھ لیا ہے جبکہ ٹوئٹر پر بھی ویڈیو کو تیزی سے ری ٹوئٹ کیا جارہا ہے۔

گلزار نے انڈین فلموں کے لیے بےشمار گیت لکھے ہیں۔ نادر تشبیہات کے استعمال سے گلزار کے گیتوں میں الگ ہی رنگ بھر جاتا ہے۔ گلزار کے گانے نہ صرف ماضی میں پسند کیے جاتے رہے ہیں بلکہ آج بھی نوجوان ان کے تحریر کردہ گانوں کو شوق سے سنتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر