خواتین کے عالمی دن پر علی گل پیر کا گانا جاری
علی گل پیر نے گانے کے ذریعے عورتوں پر ہونے والے تشدد کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
منفرد موضوعات پر گانے تخلیق کرنے والے پاکستانی گلوکار علی گل پیر نے خواتین کے عالمی دن پر بھی خصوصی گانا تیار کرلیا ہے۔ گانے کی ویڈیو یوٹیوب پر ریلیز کردی گئی ہے۔
وڈیرے کا بیٹا جیسے گانے سے میوزک انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان بنانے والے گلوکار علی گل پیر نے 8 مارچ کو بھی اپنے غیر روایتی انداز کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ خواتین کے عالمی دن پر بھی گلوکار نے کچھ انوکھا کرنے کی ٹھانی اور عورت مارچ کے مشہور نعرے میرا جسم میری مرضی سے متاثر ہوکر گانا بنادیا۔ تیرا جسم میری مرضی میں ان تمام مرد حضرات کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جو اپنے گھر کی خواتین یا بیویوں پر جسمانی تشدد کرتے ہیں اور ان پر اپنے فیصلے مسلط کرتے ہیں۔
علی گل پیر نے اس گانے کے ذریعے معاشرے کی تلخ حقیقت سے پردہ اٹھایا ہے۔ ہمارے ملک میں کئی ایسی خواتین ہیں جنہیں آج بھی ان کی پسند سے ملبوسات زیب تن کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ چند گھرانوں میں تو دقیانوسی سوچ کا اس قدر غلبہ ہے کہ لڑکی کی تعلیم سے لے کر اس کی زندگی کے تمام اہم فیصلوں میں خود اس کی رائے کو ہی اہمیت نہیں دی جاتی ہے۔
گانے کو ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب کے علاوہ ٹوئٹر سمیت سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر بھی ریلیز کیا گیا ہے۔ یوٹیوب پر اب تک 18 ہزار سے زیادہ افراد اس گانے کو سن چکے ہیں جبکہ لائیکس اور کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔
Tera Jism, Meri Marzi because how dare you say that you have ownership of your own body. Not on my watch! #AuratMarch #WomensDay #MeraJismMeriMarzi nahi #TeraJismMeriMarzi
Watch my new music video:https://t.co/1fkIPfKJlH pic.twitter.com/lJw1WPEAkS
— Ali Gul Pir (@Aligulpir) March 7, 2021
یہ بھی پڑھیے
علی گل پیر کو ابھی نندن کی 2 سال پرانی چائے یاد آگئی
واضح رہے کہ علی گل پیر نے 27 فروری کو ‘سرپرائز ڈے’ کے دو سال مکمل ہونے پر انڈین پائلٹ ابھی نندن کے حوالے سے گانا جاری کیا تھا۔