یوم پاکستان کی مناسبت سے ملی نغمہ ایک قوم ایک منزل جاری

اِس گانے کا مقصد بانی پاکستان محمد علی جناح کے اتحاد سے متعلق پیغام کو عام کرنا ہے۔

پاکستانی گلوکاروں علی ظفر اور عائمہ بیگ نے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک گانا جاری کیا ہے جس کا عنوان ہے ایک قوم ایک منزل۔

اِس گانے کا مقصد بانی پاکستان محمد علی جناح کے اتحاد سے متعلق پیغام کو عام کرنا ہے۔ گلوکار علی ظفر نے اِس گانے کی ریلیز کا اعلان اپنے ٹویٹر پیغام میں کیا ہے۔

گذشتہ کئی سالوں سے اِس قسم کے گانے مختلف قومی دنوں کے موقع بنائے جاتے ہیں تاکہ ہزاروں پاکستانیوں کی قربانیوں کو یاد کیا جائے اور اُنہیں خراج پیش کیا جائے۔

ایک قوم ایک منزل کے عنوان سے جاری کیے جانے والے ملی نغمے کے بول لکھے ہیں عابد حسن نے اور اُس کی موسیقی ترتیب دی ہے علی ظفر نے۔

یہ بھی پڑھیے

گلوکار اذان سمیع اب فلم میں اداکاری کریں گے؟

پاکستان ایک کثیر الثقافتی، کثیر النسلی اور کثیر المذہبی ریاست ہے۔ ایک قوم ایک منزل کے عنوان سے لکھا جانے والا یہ ملی نغمہ بانی پاکستان کے اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کے فلسفے کو اُجاگر کر رہا ہے۔

اِس نغمے کی ویڈیو میں کئی فوجی پریڈز اور یوم پاکستان کی تقاریب دکھائی گئی ہیں۔پاکستان کے علامتی مقامات بھی دکھائے گیے ہیں جن میں فیصل مسجد، مینارِ پاکستان، بادشاہی مسجد، ایوب برج، پاکستان مونمنٹ وغیرہ شامل ہیں۔

ملی نغمے کے جاری کیے جانے کے بعد سے نا صرف انٹرنیٹ پر عام شہریوں نے اِس کی تعریف کی ہے بلکہ مشہور شخصیات نے بھی ملی نغمے پر گلوکاروں کو تہنیتی پیغامات پہنچائے ہیں۔

جن مشہور شخصیات نے پیغامات دیئے ہیں اُن میں فلم اسٹار شان شاہد اور ہمایوں سعید نغمے کی تعریف کی ہے۔ اِس سے قبل رواں برس ہی گلوکارہ عائمہ بیگ اور علی ظفر کا ایک گانا ’وے ماہیا‘ ریلیز ہوا تھا۔ آئٹم نمبر کہلانے والا ’چن وے‘ اور ’سجنا دور‘ بھی رومانوی پاکستانی گانے ہیں جن میں دونوں گلوکاروں نے آواز کا جادو جگایا ہے۔

ایک قوم ایک منزل کو اپنی ریلیز سے لے کر اب تک یو ٹیوب پر ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد دیکھ چکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر