اوتار نے آمدن میں ایوینجرز کو پیچھے چھوڑ دیا
باکس آفس پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی دونوں فلمیں اوتار اور ایوینجرز اب ڈزنی کی ملکیت ہیں۔

فاکس اسٹوڈیوز کے زیر سایہ 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم اوتار نے کمائی میں 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ایوینجرز اینڈ گیم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
2009 میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم اوتار دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز دوبارہ اپنے نام کرلیا ہے۔ 2019 میں ایوینجرز اینڈ گیم نے یہ اعزاز اوتار سے چھین لیا تھا۔
ایوینجرز اینڈ گیم نے 2019 میں ریلیز کے بعد 2.7902 ارب ڈالرز کا بزنس کیا تھا اور ہر دور میں سب سے زیادہ کمانے والی فلم بن گئی تھی۔ ایوینجرز اینڈ گیم کا بزنس اوتار سے تقریباً 70 لاکھ ڈالرز زیادہ تھا۔
یہ بھی پڑھیے
بالی ووڈ اسٹارز ‘طوفان’ کی داد دینے لگے

2009 میں ریلیز ہونے والی ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی یہ فلم ایک بار پھر 12 مارچ کو چین میں ریلیز کی گئی تھی۔
ہالی ووڈ کی فلم انڈسٹری سے متعلق میگزین ڈیڈلائن کی رپورٹ کے مطابق 2 دن میں ہی اوتار نے اتنا کاروبار کرلیا ہے جس سے اس کا باکس آفس پر مجموعی بزنس 798 ارب ڈالرز سے آگے نکل گیا ہے اور اس طرح وہ ایوینجرز اینڈ گیم کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
اوتار نے ایک بار پھر یہ اعزاز اپنے نام کرلیا ہے اور اس کے لیے اسے چین کا شکرگزار ہونا چاہیے۔
کرونا وائرس کی وباء کے بعد چین میں سنیما بزنس ایک بار پھر عروج پر ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے اوتار کو وہاں ریلیز کیا گیا تھا۔
جب 2019 میں ایوینجرز اینڈ گیم کو ریلیز کیا گیا تھا تو ڈزنی اسٹوڈیو نے یقینی بنایا تھا کہ وہ سب سے زیادہ کاروبار کا اعزاز اوتار سے چھین لے۔ اس کے لیے فلم کو ابتدائی ریلیز کے چند ہفتوں بعد دوبارہ ریلیز کیا گیا جس میں ایک اضافی سین کو شامل کیا گیا۔

2009 میں اوتار کو فاکس اسٹوڈیوز نے نمائش کے لیے پیش کیا تھا مگر 2019 میں ڈزنی لینڈ انتظامیہ نے اسے خرید لیا تھا۔ تاہم اب دنیا میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی دونوں فلمیں ڈزنی کی ہی ملکیت ہیں۔









