خرگوش نے احسن خان کے لیے مشکل کھڑی کردی

پیمرا نے احسن خان کے پروگرام کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

پاکستان کے معروف اداکار و میزبان احسن خان کو اپنے شو میں خرگوش لانا مہنگا پڑگیا۔ ملک میں برقی زرائع ابلاغ کے نگراں ادارے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے۔

خرگوش کو اپنے سیٹ پر پروپ کی طرح استعمال کرنے پر احسن خان مشکل میں آگئے ہیں۔ پیمرا نے ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ‘ٹائم آؤٹ وِد احسن خان’ کو نوٹس جاری کردیا۔ ادارے نے موقف اختیار کیا ہے کہ جانور کو بطور پروپ استعمال کرنا جانوروں کے استحصال کے قانون 1890 کے آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی ہے۔

ٹائم آؤٹ وِد احسن خان میں میزبان اداکاروں کو مدعو کرکے ان کا انٹرویو کرتے ہیں۔ پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں غلط جواب دینے پر فنکاروں کو سزا بھی دی جاتی ہے۔ احسن خان پروگرام کی متعدد اقساط میں سزا کے طور پر اداکاروں کی گود میں خرگوش کو بیٹھاچکے ہیں۔ چند اداکاراؤں نے تو اس اقدام سے اچھا خاصہ خوف کھایا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خرگوش کو بطور پروپ استعمال کرنا اس لیے بھی خطرناک ہے کہ خرگوش حد سے زیادہ خوفزدہ ہوجاتے ہیں۔ بعض اوقات خوف کے باعث ان کی موت بھی واقع ہوجاتی ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق خرگوشوں کو بلند آواز کے سبب دل کا دورہ پڑجانا عام بات ہے اور احسن خان کے شو میں تو چند اداکاراؤں کی خرگوش کو دیکھ کر چیخیں نکل چکی ہیں۔

احسن خان خرگوش

 

یہ بھی پڑھیے

اداکارہ میرا کا کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انگریزی میں پیغام

 کچھ عرصہ قبل شادی کے موقعے پر ہونے والے دولہا اور دلہن فوٹو شوٹ میں شیر کو پروپ کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔ تصاویر وائرل ہونے کے بعد جانوروں کے ریسکیو سینٹر نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر احتجاج کرتے ہوئے پوسٹ بھی شیئر کی تھی۔

پاکستان میں جانوروں کو تفریحی مقاصد کے لیے استعمال کرنا اب ایک عام بات سمجھی جانے لگی ہے۔ اس حوالے سے اگر اداروں کی جانب سے بروقت ایکشن نہیں لیا گیا تو جانوروں کے ساتھ ساتھ انسانوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑسکتی ہیں۔

متعلقہ تحاریر