یمنیٰ زیدی اور وقار ذکاء کا پاکستانی فٹبال ٹیم کا دفاع

فیفا کی پابندیوں کی صورت میں پاکستان بین الاقوامی سطح پر فٹبال نہیں کھیل سکے گا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو فٹبال کے عالمی ادارے فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشنز (فیفا) نے بدھ کے روز پابندی کا آخری انتباہ جاری کیا تھا جس کے بعد پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی اور ریئلٹی شوز کے مشہور میزبان وقار ذکاء نے پاکستان کی مردوں اور خواتین کی فٹبال ٹیمز کے حق میں سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی ہے۔

پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے اپنی انسٹاگرام کی اسٹوری پر لکھا کہ کھیل ہمارے معاشرے کو تندرست رکھتا ہے اور میں درخواست کرتی ہوں کہ ان معاملات کو جلد سے جلد حل کیا جائے۔

یومنیٰ زیدی فٹبال پوسٹ

ادھر ٹی وی شو کے معروف میزبان وقار ذکاء نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اس معاملے پر نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا فیفا پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی لگا دے گی؟

پاکستان کی خواتین کی فٹبال ٹیم کی کپتان حاجرہ خان نے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ فیفا کی پابندیوں کے بعد پاکستان بین الاقوامی سطح پر فٹبال نہیں کھیل سکے گا۔ کھیل کو عزت دیں اور کھلاڑیوں کو بھی عزت دیں۔

پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم الله خان نے اس معاملے پر حکومتی خاموشی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں کھیلوں سے متعلق خبریں دینے والے کھیل شیل نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے کلیم الله خان‎ کا ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ ان حالات سے پاکستان فٹبال کو کافی نقصان پہنچے گا اور سب سے زیادہ نقصان کھلاڑیوں کا ہے۔

پاکستان فٹبال ٹیم فیفا کے انتباہ کے بعد کافی پریشان ہے اور ملک کی دو مشہور شخصیات یمنیٰ زیدی اور وقار ذکاء نے بھی ان معاملات کو جلد حل کرنے کی گزارش کی ہے۔

متعلقہ تحاریر