نائلہ جعفری کی حکومت پاکستان سے مدد کی درخواست

اداکارہ 2016 سے سرطان کے مرض میں مبتلا ہیں اور اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پاکستان میں ماضی کی مشہور اداکارہ نائلہ جعفری 2016 سے سرطان کے مرض میں مبتلا ہیں۔ نائلہ جعفری نے حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسا لائحہ عمل تیار کرے جس سے  شوبز انڈسٹری اور کھیل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی مالی مدد ہوسکے۔

اداکارہ نائلہ جعفری کی اسپتال سے جاری کی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور ڈرامہ پروڈیوسر اور اس شعبے سے تعلق رکھنے والے پالیسی میکرز ہم جیسے بیمار اداکاروں اور کھلاڑیوں کے بارے میں بھی سوچیں۔

اداکارہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میری پہلی کیموتھراپی کے بعد مجھے انفیکشن ہوگیا ہے اور میں انفیکشن کی وجہ سے اس وقت اسپتال میں زیرعلاج ہوں۔

یہ بھی پڑھیے

25 اور 26 مارچ کا دن پاکستانی فن و ثقافت کے لیے بھاری گزرا

نائلہ جعفری نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) ماضی میں کام کرنے والے اداکاروں کو ڈرامے دوبارہ نشر ہونے پر بھی معاوضہ فراہم کرتا تھا۔ دوبارہ ملنے والا معاوضہ کم ہوتا تھا جو بیمار اور مجبور اداکاروں کے لیے کافی تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ میرا ایک ڈرامہ 6 مرتبہ ٹی وی پر نشر کیا گیا ہے اور ایسے کئی دیگر ڈرامے ہیں جو دوبارہ نشر کیے جارہے ہیں لیکن انہیں ان ڈراموں کا معاوضہ نہیں دیا گیا ہے۔

اداکارہ نائلہ جعفری نے حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ ان معاملات پر کام کرے تاکہ اُن جیسے کئی بیمار اداکاروں کی مدد ہوسکے۔

متعلقہ تحاریر