حاجرہ یامین اور کراچی کے مسائل

اداکارہ کا کہنا ہے کہ ناانصافی پر چپ رہنے کا کلچر ہمارا لائف اسٹائل بن گیا ہے۔

گذشتہ روز کراچی کے شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے لیکن ہر مرتبہ کی طرح اس مرتبہ بھی انتظامیہ کی نااہلی پر کسی نے کچھ نہ کہا۔ کراچی کے مسائل اور کراچی والوں کی چپ رہنے کی عادت پر پاکستان کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے پچھلے برس ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جسے کل کی صورتحال کے بعد سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر دوبارہ شیئر کیا گیا ہے۔

شہر قائد میں ایک عرصے سے لوگ بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں لیکن ہر مسئلے پر چپ رہ کر شہریوں نے خود اپنی ہی آواز کا گلا گھونٹ دیا ہے۔

حاجرہ یامین نے ویڈیو پیغام میں کراچی کے مسائل کی اصل وجہ شہریوں کی خاموشی کو قرار دے دیا۔ اداکارہ نے بجلی، گیس، پانی، ٹوٹی سڑکیں، موبائل چھیننے کی وارداتیں، رشوت اور مہنگائی جیسے مسائل پر بات کی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی ڈرامے ترک زبان میں ڈب ہو کر ترکی میں چلیں گے

معروف اداکارہ نے ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی کا نام لیے بغیر وہاں کے مسائل پر لوگوں کے رویے کو موضوع بحث بنایا۔ کہا کہ اس سوسائٹی کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ہر مسئلے کا حل نکال لیتے ہیں جس سے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ بجلی گئی تو لوگوں نے جنریٹر لگا لیے، پانی بند کردیا گیا تو سب نے ٹینکر ڈلوالیے، چوری اور ڈکیتی بڑھ گئی تو یہاں کے مکینوں نے گھروں کی حفاظت کے لیے خود ہی پرائیوٹ گارڈز لگادیئے لیکن ظلم کے خلاف کوئی کچھ نہ بولا۔

اداکارہ نے نہایت خوبصورت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے ماضی میں کراچی کے بدترین حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شاید انہی حالات نے شہریوں کو اپنے ساتھ ہونے والی ہر نا انصافی پر چپ رہنا سکھایا۔

ویڈیو کے آخر میں حاجرہ یامین نے شہریوں سے درخواست کی کہ اب وہ برسوں کی خاموشی کو توڑ کر خود کے ساتھ ہونے والی ہر زیادتی پر آواز اٹھائیں، اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ اگر آج ہم بولیں گے تو ایک وقت ایسا آئے گا جب انتظامیہ کی جانب سے بات سنی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر