کاسٹنگ کاؤچ پر پراچی دیسائی اور کنگنا رناوت ہم آواز

پراچی دیسائی کا کہنا ہے کہ کاسٹنگ کاؤچ کی وجہ سے ماضی میں انہوں نے کئی بڑے پروجیکٹس ٹھکرادیئے۔

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ پراچی دیسائی نے انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ کی حقیقت سے پردہ اٹھادیا۔ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ آج بھی انہیں بڑی فلموں میں کردار دیئے جانے کے بدلے غیر مناسب پیش کش کی جاتی ہیں۔

انڈین فلم انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن بالی ووڈ میں اتنا عرصہ کام کرنے کے باوجود پراچی دیسائی کو بڑی فلموں میں کردار نبھانے کے لیے آج بھی ہدایتکاروں کی جانب سے غیر مناسب پیشکشیں کی جاتی ہیں۔

پراچی دیسائی کا کہنا ہے کہ کاسٹنگ کاؤچ کی وجہ سے ماضی میں انہوں نے کئی پروجیکٹس ٹھکرادیئے۔ اداکارہ کے مطابق انہیں ایک نامناسب پیشکش کے بدلے بڑی فلم کی پیشکش کی گئی تھی جس پرانہوں نے انکار کردیا تھا مگر اس کے باوجود ہدایتکار نے انہیں دوبارہ فون کرکے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ پراچی کا مزید کہنا ہے کہ وہ بڑی فلموں میں کام کرکے سب کی نظروں میں آنے کے بجائے منفرد اور بامقصد فلموں میں اداکاری کرنا چاہتی ہیں جس سے ان کی ذات کو فائدہ پہنچے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا صبا بخاری نے پاکستان میں کاسٹنگ کاؤچ تنازعے کو جنم دیا ہے؟

پراچی دیسائی پہلی اداکارہ نہیں ہیں جنہوں نے بالی ووڈ میں کاسٹنگ کاؤچ کے رجحان کی نشاندہی کی ہو۔ اس سے پہلے اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی ایک انڈین نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ بالی ووڈ میں فلم حاصل کرنے کے لیے ہیرو یا پھر فلم کے ہدایتکار کو خوش کرنا پڑتا ہے۔ کنگنا رناوت نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر آپ کامیاب ہیروئن بھی ہیں تو بھی آپ کو یہی کرنا پڑے گا تاکہ 10 ہیروئنوں کی لائن میں سے نکل کر آپ آگے جاسکیں۔

پراچی دیسائی کا بیان کنگنا رناوت سے میل کھاتا ہے کیونکہ پراچی بھی 12 سال سے فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں لیکن آج بھی انہیں اسی قسم کے مسائل کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ پراچی دیسائی نے 2008 میں فلم راک آن سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا جوکہ سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اداکارہ کی کامیاب فلموں میں ونس اپون آ ٹائم ان ممبئی بھی شامل ہے۔

متعلقہ تحاریر