ساحر لودھی کی جون ایلیا کے شعر پر فضول تنقید

رمضان کی خصوصی نشریات میں دینی تعلیمات کی اہمیت نہ ہونے کے برابر ہے۔

پاکستان کے معروف میزبان ساحر لودھی کی رمضان ٹرانسمیشن کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ گذشتہ روز اینکر نے جون ایلیا کے شعر میں وزن نہ ہونے کی بات کی تو صارفین بھڑک اٹھے اور ساحر لودھی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ٹی وی چینلز پر خصوصی نشریات تو دکھائی جاتی ہیں لیکن ان نشریات میں دینی تعلیمات کے بجائے اینکرز حاضرین اور مہمانوں کا مذاق اڑانے میں مشغول رہتے ہیں۔

معروف میزبان ساحر لودھی ان دنوں ٹی وی ون پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کررہے ہیں۔ ساحر لودھی نے اپنے پروگرام میں معروف شاعر جون ایلیا کی تضحیک کرکے شائقین کے دل توڑ دیئے۔

یہ بھی پڑھیے

رقص بسمل کے پوسٹر اور پینٹنگ میں مماثلت

گذشتہ روز رمضان ٹرانسمیشن کے بیت بازی کے مقابلے میں شریک ایک امیدوار نے جون ایلیا کا شعر درست پڑھا لیکن ساحر لودھی اور ججز شعر کے مصرعے ‘ تم سے مل کر بہت خوشی ہو کیا ‘ کو مسلسل غلط قرار دیتے رہے۔ ساحر لودھی نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ  یہ شعر جون ایلیا کا ہو ہی نہیں ہوسکتا ہے۔ اس واقعے کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر راتوں رات وائرل ہوگیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

ایک صارف نے تو ٹوئٹ میں پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

رمضان خصوصی عبادات اور حقوق العباد کے ذریعے نیکیاں کمانے کا مہینہ ہے لیکن پاکستان میں ٹرانسمیشنز میں دینی تعلیمات کی اہمیت نہ ہونے کے برابر ہے۔ مقابلے بھی قرات یا نعتوں کے بجائے بیت بازی کے ہو رہےہیں۔ خصوصی نشریات میں لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا اور انہیں فلاح کی جانب گامزن کرنا تو درکنار، ایک دوسرے کی تضحیک کا پہلو  نمایاں رہتا ہے جس کی وجہ شاید یہ ہے کہ ایسی ٹرانسمیشنز کے میزبانوں کو موضوعات کے بارے میں خود نہیں معلوم ہوتا۔

متعلقہ تحاریر