عامر لیاقت کی ’اہلیہ‘ ہانیہ خان عدالت جانے سے نہیں ڈرتیں

ہانیہ خان کے مطابق ان کی اور عامر لیاقت حسین کی شادی کی تقریب ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر میں ہوئی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ ہونے کی دعویدار ہانیہ خان نے واضح کردیا ہے کہ وہ کسی عدالت میں جانے سے نہیں ڈرتیں۔

منگل کے روز اسلام آباد میں نیوز360 سے گفتگو اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین کی اہلیہ ہونے کی دعویدار ماڈل و اداکارہ ہانیہ خان نے کہا کہ عامر لیاقت نے ان سے کہا کہ وہ 2 برس خاموش رہیں، وقت آنے پر وہ (عامر لیاقت حسین) نکاح کا اعلان کر دیں گے۔ وہ اب اس معاملے پر عدالت سے رجوع کریں گی۔

یہ بھی پڑھیے

ماہرہ خان اور کبریٰ خان میں سے اب کس کی شادی ہوگی؟

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے انصاف دلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر عامر لیاقت حسین میرے والد سے کی گئی مبینہ بدتمیزی پر معافی مانگیں گے تو میں انہیں معاف کردوں گی۔

عامر لیاقت حسین کے بیان سے متعلق سوال پر ہانیہ خان نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اور وہ کسی سے نہیں ڈرتیں۔

اداکارہ ہانیہ خان نے الزام عائد ہے کیا کہ اُن کا کیریئر ختم کرنے کی کوشش کی گئی اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ جبکہ وہ حالات سے دلبرداشتہ ہو کر کئی بار خودکشی کرنے کی بھی کوشش کرچکی ہیں۔

انہوں نے عامر لیاقت حسین کو چیلنج کیا کہ اگر وہ سچے ہیں تو سامنے آئیں اور اپنے تعلقات کے حوالے سے سوالات کے جوابات دیں۔

ہانیہ خان سے دوران پریس کانفرنس دریافت کیا گیا کہ عامر لیاقت حسین سے شادی کے دعوے کی تصدیق کے لیے ان کے پاس نکاح نامہ یا کوئی اور ثبوت ہے؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ ان کا نکاح ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر میں ہوا تھا۔ گواہ بھی وہیں کے تھے تاہم ان کے پاس کوئی نکاح نامہ موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے موبائل فونز بھی مبینہ طور پر چھین لیے گئے ہیں جن میں ان کے نکاح کی تصاویر تھیں۔

ہانیہ خان کی نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے لیے 3 بجے کا وقت مقرر تھا تاہم وہ پونے 4 بجے پہنچی تھیں۔ پریس کلب کی انتظامیہ نے انہیں آگاہ کیا کہ 4 بج چکے ہیں (جو انسانی حقوق کمیشن کی پریس کانفرنس کے لیے مقررہ وقت ہے) اس لیے وہ ہال خالی کردیں جس پر وہ مشتعل ہوگئیں۔

رواں سال 26 مئی کو عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پیغام شیئر کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ وہ ہانیہ خان کو ان کی اہلیہ ثابت کرنے والے تمام افراد کو عدالت لے کر جائیں گے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ہانیہ خان کبھی لاہور پریس کلب پر دہائی دیتی دکھائی دیتی ہیں، کبھی کراچی پریس کلب کے باہر اپنے دعوے کی سچائی کے لیے دلائل دیتی ہیں اور کبھی نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرنے پہنچ جاتی ہیں۔ اگر کسی شخص کو دوسرے شہر کا سفر کرنا ہوتا ہے تو وہ 10 مرتبہ سوچتا ہے لیکن ہانیہ خان اس پریشانی کے عالم میں بھی شہر شہر گھوم پھر رہی ہیں۔

متعلقہ تحاریر