ٹی وی ڈرامہ شوٹنگ کے دوران حقیقی ڈرامہ رونما
کھانے کے معاملے پر ڈرامے کے پروڈیوسر اور سیکیورٹی گارڈ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔
کراچی میں ٹیلی وژن ڈرامے کے سیٹ پر حقیقی ڈرامہ دیکھنے میں آیا۔ ڈرامہ سیریل ‘محبت داغ کی صورت’ کی شوٹنگ کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 9 افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ایک بنگلے میں ڈرامہ سیریل ‘محبت داغ کی صورت’ کی شوٹنگ جاری تھی کہ سیکیورٹی گارڈ گل بھائی نے فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی جبکہ 9 افراد زخمی بھی ہوگئے۔
سیکیورٹی گارڈ پولیس کی حراست میں ہے جبکہ فوری طور پر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیے جانے والے زخمیوں کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
View this post on Instagram
یہ بھی پڑھیے
سائرہ یوسف اور صدف کنول کے درمیان سرد جنگ کا آغاز
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق کھانے کے وقفے کے دوران سیکیورٹی گارڈ نے ڈرامہ ٹیم کو کار پورچ میں کھانا کھانے سے منع کیا لیکن انہوں نے گارڈ کی بات رد کردی۔ جس کے بعد ڈرامے کے پروڈیوسر اور سیکیورٹی گارڈ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، بحث کے دوران گرما گرمی میں بات فائرنگ تک جاپہنچی۔
واضح رہے کہ ڈی ایچ اے فیز 6 کے خیابان شجاعت میں واقع بنگلہ نجی پروڈکشن ہاؤس سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے شوٹنگ کے لیے کرایا پر لیا ہوا تھا۔ ڈرامے کی کاسٹ میں اداکار سمی خان اور اسماء عباس شامل ہیں۔









