ہالی ووڈ فلمز میں مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے رز احمد سرگرم

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار نے مسلمان فلم میکرز کے لیے 25 ہزار ڈالرز کی فیلو شپ کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رز احمد مغرب میں مسلمانوں کے برے تاثر کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ رز احمد نے مسلمان فلم میکرز کے لیے 25 ہزار ڈالرز کی فیلوشپ کا اعلان کردیا ہے۔

رز احمد نے شکاگو سے تعلق رکھنے والے گروپ پلرفنڈ اور فورڈ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے مسلمان فلم میکرز کے لیے 25 ہزار ڈالرز کی فیلوشپ کا اعلان کیا ہے۔ رز احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری ویڈیو پیغام میں بتایا کہ مغرب میں بننے والی فلمز میں مسلمانوں کی منفی اور پرتشدد عکاسی کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

رز احمد نے اہلیہ کے بال سنوار کر میلہ لوٹ لیا

رز احمد نے اپنی ٹوئٹ میں پلرفنڈ اور فورڈ فاؤنڈیشن کی ایک تحقیق کے اعداد و شمار بیان کیے ہیں۔ حیران کن طور پر سال 2017 سے 2019 کے درمیان مغرب میں بنائی جانے والی 200 فلمز میں سے 181 میں کوئی مسلمان کردار موجود نہیں تھا۔ 8 ہزار 965 اہم کرداروں میں سے مسلمانوں نے صرف ایک اعشاریہ 6 فیصد ادا کیے۔

پِلر آرٹسٹ فیلوشپ ایڈوائزری بورڈ میں خدمات انجام دینے والے ارکان میں رز احمد کے علاوہ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے 9 ارکان بھی شامل ہیں۔ فیلو شپس حاصل کرنے والے افراد کو ان تمام لوگوں کی سرپرستی حاصل رہے گی۔

واضح رہے کہ 38 سالہ رز احمد وہ پہلے مسلمان اداکار ہیں جنہیں فلم ساؤنڈ آف میٹل میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر