مریم نواز کے قرنطینہ کو کترینہ کہنے پر عامر لیاقت تنقید کی زد میں
مریم نواز کے کرونا میں مبتلا ہونے پر عامر لیاقت نے لکھا کہ لیگی رہنما نے خود کو کترینہ کرلیا ہے۔

معروف میزبان عامر لیاقت حسین نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والی خبر کو عجیب و غریب انداز میں شیئر کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
رمضان ٹرانسمیشن ہو یا پھر سوشل میڈیا پوسٹس،عامر لیاقت ہمیشہ اپنی متنازعہ حرکتوں کے باعث تنقید کی زد میں رہتے ہیں۔ اس مرتبہ مریم نواز پر بیہودہ تبصرہ کرنے پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر لکھا کہ مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہوں نے اپنے آپ کو "کترینہ” کرلیا ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزاح کی ایموجی بھی شیئر کی۔
مریم کا کرونا ٹیسٹ مثبت، اپنے آپکو کترینہ کر لیا🤔
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) July 28, 2021
یہ بھی پڑھیے
عامر لیاقت کی قلابازی، طالبان کے حمایتی بن گئے
سوشل میڈیا صارفین کو عامر لیاقت کا یہ انداز بالکل بھی نہیں بھایا۔ مریم نواز کی بیماری پر طنز کرنے پر صارفین ان پر سخت تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ عامر بھائی آپ جو مرضی کرلیں لیکن آپ کو وزارت نہیں ملنے والی۔
نہیں ملتی عامر بھائ آپکو وزارت۔۔۔جو مرضی کرلو آپ۔
— Khurram Siddiqui 💎 (@EngrKhurram92) July 28, 2021
ایک اور صارف نے کہا کہ عامر صاحب جب آپ کو کرونا ہوا تھا تو آپ دوسروں سے دعائیں کروا رہے تھے۔ خدا نے بیماری کا مذاق اڑانے سے منع کیا ہے۔ آپ کو اپنی اصلاح کرنی چاہیئے۔ کچھ صارفین نے کہا کہ کرونا کی وبا تو جلد ختم ہوجائے گی لیکن عامر لیاقت کی یہ بیماری لاعلاج ہے۔
کچھ روز قبل اپنے لیے رو کر دعاؤں کی اپیل کر رھا تھا، لوگوں نے تجھے دعائیں دی، آج اپنی اوقات پر آگیا
— احمد (@Muhammadahmeddf) July 28, 2021
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی عامر لیاقت حسین اپنے ٹی وی پروگرام اور سوشل میڈیا پر متعدد شخصیات کا مذاق اڑا چکے ہیں۔ کچھ روز قبل انہوں نے افغان طالبان کی حمایت میں بھی پوسٹ شیئر کی تھی جس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔









