احسن خان قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے خیرسگالی سفیر مقرر

احسن خان پسماندہ بچوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے عوامی شعور کے لئے آگاہی مہمات شروع کریں گے

پاکستان میں اٹھارہ سال سے کم عمر بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ادارے نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی) نے اپنے نئے منصوبے کے لئے معروف اداکار احسن خان کو اپنا خیر سگالی سفیر مقررکردیا۔

قومی ادارہ برائے تحفظ اطفال، این سی آر سی نے یورپی یونین کے تعاون سے ایک مشترکہ منصوبہ شروع کیا ہے جو ملک میں کمزور بچوں کے حقوق اور ان کے فروغ کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے سیمنار، کانفرنسز اور ورکشاپ منعقد کرے گا، اس مقصد کے حصول کے لئے این سی آر سی نے شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار احسن خان کو اپنا خیرسگالی سفیر مقررکردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ترک حکومت نے عمران عباس کو خیرسگالی کا سفیر مقرر کردیا

اداکار احسن خان پسماندہ بچوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے عوامی شعور کے لئے آگاہی مہمات شروع کریں گے اور بچوں کو استحصال ، تشدد ، زیادتی اور نظراندازی سے بچانے کے لیے آواز بلند کریں گے۔

احسن خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے  خیر سگالی سفیر نامزد کیئے جانے کئ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ این سی آرسی کا سفیر برائے خیر سگالی نامزد ہونا ایک اعزاز ہے، انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں میں سے ایک لمحہ سب کو نکال کر ضرور سوچنا چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کے ساتھ صحیح سلوک کر رہے ہیں اور درست رویہ اپنا رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر