شہزاد رائے نے ہنزہ کےمحروم بچوں کی خواہش پوری کردی

گلوکار نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ جو بھی موسیقی کے دلدادہ بچوں کی معلومات رکھتا ہے تو ان کو آگاہ کرے

معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے  نے  موسیقی کے آلات سے محروم ہنزہ کے بچوں کی بہترین پرفارمنس سے متاثر ہوکربچوں کے موسیقی کے تمام آلات بطور تحفہ پہنچا دیئے۔

گذشتہ ماہ معروف گلوکار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر پاکستان کے نامعلوم مقام کے بچوں کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں بچے موسیقی کے آلات کے بغیر بہترین بینڈ پرفارمنس دے رہے تھے، شہزاد رائے نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ اگر کوئی بھی ان بچوں کے حوالے سے معلومات رکھتا ہے تو ان کو آگاہ کرے وہ ان  باصلاحیت بچوں جو موسیقی کے آلات کے بغیرعمدہ فن کا مظاہرہ کررہے ہیں ان کو موسیقی کے آلات فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیے

شہزاد رائے کو بچوں کے بینڈ کی تلاش

شہزاد رائے نے اپنے نئے ویڈیو پیغام میں آگاہ کیا ہے کہ ان بچوں کا تعلق ہنزہ سے ہے جنھیں موسیقی کے تمام آلات بطور تحفہ دیئے گئے ہیں، انھوں  نے ان بچوں کی تلاش میں مدد کرنے والے عاصم اور اسد  کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان بچوں کو تلاش کرنے اور ان تک موسیقی کے آلات پہنچانے میں مدد کی، انھوں نےبتایا کہ یہ ویڈی بہت پرانی ہے اور یہ  بچے اب بڑے ہوچکے ہیں  تاہم خوشی ہے کہ انھیں تحفہ پہنچ گیا۔

شہزاد رائے نے اپنے ٹوئٹر پر ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں ایک شخص ورک شاپ پر کام کرنے والے بچے پر بہیمانہ تشدد کررہا ہے انھوں نے اپنے مداحوں سے درخواست کی اس بچے کی تفصیلات فراہم کرنے میں مدد کریں تاکہ اس ظلم کو روکنے کے لئے قانونی کارروائی کی جاسکے، شہزاد رائے کے ٹوئٹ کے جواب میں صحافی ضرار کھوڑونے اس کی تفصیلات  شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کیس پنجاب پولیس نے حل کرلیا ہے اور ذمہ دار شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے،۔

زندگی ٹرسٹ کے سربراہ گلوکار شہزاد رائے کی جانب سے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ  چائلڈ لیبر قوانین کے خلاف بھرپور انداز میں آواز اٹھانے پر مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے، واضح رہے کہ گزشتہ سال شہزاد رائے نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست داخل کی تھی جس میں بچوں پر تشدد اور جسمانی مشقت پابندی کی درخواست کی گئی تھی۔

متعلقہ تحاریر