چھوٹے نواب بھی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کے لیے تیار

ابراہیم خان نئی آنے والی فلم "راکی اور رانی کی پریم کہانی" میں ہدایت کاری کے لیے کرن جوہر کی معاونت کریں گے۔

سیف علی خان نے تصدیق کی ہے کہ ان کے خاندان سے فلم انڈسٹری کا حصہ بننے والوں میں اب ابراہیم خان بھی جلد شامل ہونے والے ہیں۔ سیف نے بتایا کہ ان کے بیٹے ابراہیم اس وقت کرن جوہر کے ساتھ ایک فلم پر کام کررہے ہیں۔

ایک یوٹیوب چینل کے میزبان کو انٹرویو دیتے ہوئے سیف سے ان کے اور بچوں کے درمیان تعلق کے بارے میں پوچھا گیا تو سیف نے کہا کہ "سب کے سب مختلف ہیں۔ ابراہیم کرن جوہر کے ساتھ فلم پر کام کررہے ہیں، سارہ بڑی ہیں تو ان کے ساتھ میرا بالکل مختلف تعلق ہے”۔

یہ بھی پڑھیے

نئی فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ میرا ماضی میں کھو گئیں

ابراہیم خان فلمی صنعت میں اپنا ڈیبیو رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی نئی آنے والی فلم "راکی اور رانی کی پریم کہانی” کے ساتھ کررہے ہیں لیکن ابراہیم اداکاری نہیں کریں گے۔

فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کرن جوہر ہیں جن کی معاونت کرکے ابراہیم خان بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ خان پہلے ہی فلم انڈسٹری میں بہت شہرت حاصل کرچکی ہیں، انہوں نے 2018 میں رومانوی فلم "کیدارناتھ” میں آنجہانی سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا۔

سارہ سمبا، محبت آج کل اور کولی نمبر 1 کا بھی حصہ رہی ہیں۔ اس کے بعد وہ اترنگی رے میں نظر آئیں گی۔

سارہ اور ابراہیم دونوں سیف کی پہلی بیوی امریتا سنگھ کے بچے ہیں۔  سیف نے انٹرویو میں بچوں کو نصیحت کی کہ "آپ کے گرد بہت بڑے اداکار ہیں، ان سب سے سیکھیں، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں لیکن اگر ہم نے کاروبارِ زندگی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے انٹرٹینمنٹ کا انتخاب کیا ہے تو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہم جو کام کریں وہ entertaining ضرور ہو”۔

متعلقہ تحاریر