والدین بچوں پر نظر رکھیں، فہد مصطفیٰ کا پیغام

منشیات ہماری نوجوان نسل کو تباہ کررہی ہیں اور اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز میں باآسانی دستیاب ہیں، فہد مصطفیٰ

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کو دو روز قبل گوا میں منشیات رکھنے پر گرفتار کیا گیا۔ 23 سالہ آریان کے ہمراہ ان ہی کے ہم عمر چند دیگر لڑکے لڑکیاں بھی تھے۔

حالیہ دنوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ منشیات کے الزام میں بالی ووڈ سے اتنی ہائی پروفائل گرفتاری کی گئی ہے۔ پاکستان میں بھی شوبز شخصیات سمیت عوام حیرت زدہ ہیں کہ کیا شاہ رخ خان کے بیٹے کو بھی گرفتار کیا جاسکتا ہے؟

یہ بھی پڑھیے

آریان خان، مستقبل کا ستارہ چمکنے سے پہلے ہی ماند پڑگیا

سوشل میڈیا پر آریان خان کی گرفتاری اور ایلیٹ کلاس میں منشیات کے استعمال پر بات ہورہی ہے۔ پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا۔

فہد نے لکھا کہ "منشیات ہماری نوجوان نسل کو واقعی تباہ کررہی ہیں اور اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز میں باآسانی دستیاب ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اس کا جائزہ لے اور والدین ہونے کے ناطے بچوں پر نظر رکھنا ٹھیک ہے”۔

ڈرامہ سیریل "میں عبدالقادر ہوں” میں "عبدالقادر” کا لازوال کردار ادا کرکے پاکستانی نوجوانوں کو متاثر کرنے والے اداکار فہد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ والدین بچوں کو آزادی ضرور دیں لیکن چھوٹ نہیں۔

پاکستان میں بھی آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیا کی مختلف یونیورسٹیز اور کالجز میں فراہمی سے متعلق انکشافات ہوچکے ہیں۔ پورے پورے گروہ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو نشے کی لت لگانے میں ملوث پائے گئے اور گرفتار بھی ہوئے۔

ہمارے یہاں فلم اور ڈراموں میں اداکار کو، ہیرو کو سگریٹ پیتے ہوئے اور دوسری نشہ آور اشیا استعمال کرتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔ نوجوان ان اداکاروں کو idealize کرتے ہیں اور نشہ کرنے لگ جاتے ہیں۔

اس سلسلے میں حکومت اور خاص طور پر سینسر بورڈز کو بھی کام کرنا چاہیے کہ منشیات فروشوں کو پکڑنے کے ساتھ ساتھ ان کو فروغ دینے والی فلمز اور ٹی وی پروگرامز کو بھی سینسر کیا جائے۔

متعلقہ تحاریر