زوہیب حسن نے مرزا اشتیاق بیگ کے خلاف دعویٰ دائر کردیا

سندھ کی فاضل عدالت نے گلوکار زوہیب حسن اور اشتیاق بیگ کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے۔

مرحومہ گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی بہن کے سابق شوہر مرزا اشتیاق بیگ کے خلاف درخواست دائر کی۔

سندھ ہائی کورٹ کے فاضل جج نے مرزا اشتیاق بیگ پر زوہیب حسن اور اس کے گھر والوں کے خلاف پرنٹ، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر بیان دینے پر پابندی لگا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گانے ’’منی بدنام ہوئی‘‘ پر رقص، عائشہ عمر کی ویڈیو وائرل

زارا نور عباس نے  پہلی شادی کی ناکامی کا سبب  بتادیا

عدالت نے اپنے ریمارکس میں حکم دیا کہ زوہیب حسن اور مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے دائر دعوؤں کو ایک ہی بنچ میں رکھا جائے۔

واضح رہے کہ رواں برس 13 اگست کو زوہیب حسن نے اپنی بہن نازیہ حسن کی 21ویں برسی کے موقع پر انکشاف کیا تھا کہ نازیہ حسن نے اپنے شوہر اشتیاق بیگ کے مظالم سے تنگ آ کر طلاق لے لی تھی۔

زوہیب حسن نے بتایا تھا کہ نازیہ حسن خود پاکستان کمیشن گئیں تھیں اور خلع کی درخواست دائر کی تھی تاہم مرزا اشتیاق نے تاخیری حربے اپنائے تھے۔

خیال رہے کہ اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ زوہیب حسن کے خلاف پاکستان اور برطانوی عدالت میں ایک ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کریں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں پاپ گلوکار زوہیب حسن کے خلاف ان کے سابق برادر نسبتی اور معروف بزنس مین اشتیاق بیگ نے سندھ ہائیکورٹ میں ایک ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

اشتیاق بیگ نے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردہ دعوے میں موقف اپنایا ہے کہ زوہیب حسن نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ان پر جھوٹے الزامات عائد کیے۔

مرزا اشتیاق بیگ کی درخواست  میں یہ بھی کہا تھا کہ زوہیب حسن توہین آمیز لہجے میں ان کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔ زوہیب حسن نے نازیہ حسن کی موت کو غیر فطری قرار دیا حالانکہ نازیہ حسن طویل عرصے کینسر میں مبتلا تھیں اور برطانوی حکام کی جانب سے جاری کردہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں بھی وجہ موت طبعی قرار دی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر